رسائی کے لنکس

'ون ڈے' سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، مصباح


مصباح نے کہا کہ اپنی سست روی پر ہونے والی تنقید کے بعد انہوں نے زیادہ جارحانہ اور مثبت انداز میں بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے واضح کیا ہے کہ ان کا 'ون ڈے' کرکٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔

جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ کہ وہ فی الحال 'ون ڈے' کرکٹ نہیں چھوڑنا چاہتے اور اسے جاری رکھنے کے لیے وہ اپنے بیٹنگ کے انداز میں تبدیلی لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی سست روی پر ہونے والی تنقید کے بعد انہوں نے زیادہ جارحانہ اور مثبت انداز میں بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ 38 سالہ مصباح الحق 2010ء سے پاکستان کی ٹیسٹ اور 2011ء سے 'ون ڈے' ٹیم کے کپتان چلے آرہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی میچوں میں سست روی سے بیٹنگ کرنے کے باعث ان پر اندرونِ ملک کڑی تنقید ہوتی رہی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مصباح کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ناقدین کے بیانات سنتے رہے ہیں جن کے بعد انہوں نے بطور بلے باز ٹیم کے لیے مزید بامقصد کردار ادا کرنے کی غرض سے اپنے کردار کا از سرِ نو تعین کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے بھی بات کی ہے اور ان کے بقول تمام کھلاڑی وکٹ گنوانے کے خوف سے نجات پا کر بیٹنگ کو مزید مثبت بنانے پر متفق ہیں۔

مصباح کے بقول، "ٹیم کے تمام ساتھیوں نے مجھ پر زور دیا ہے کہ میں زیادہ شاٹ مارا کروں"۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا 'ٹی20' کرکٹ فارمیٹ کی جانب واپسی کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ تمام توجہ ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG