رسائی کے لنکس

مصباح الحق کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل
فائل

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ہفتہ قبل ہی اپنے فیصلے سے آگاہ کرچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

اتوار کو ویب سائٹ 'کرک انفو' کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مصباح نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

مصباح کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ لینے پر ایک عرصے سے غور کر رہے تھے اور ان کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ اس کے لیے ایک مناسب موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھا کے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ہفتہ قبل ہی اپنے فیصلے سے آگاہ کرچکے ہیں۔

مصباح نےاپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز اپریل 2002ء میں کیا تھا۔ انہوں نے اب تک 153 ون ڈے میچز کے دوران 83ء42 کی اوسط سے 4669 رنز بنائے ہیں جن میں 37 ففٹیز بھی شامل ہیں۔

مصباح کے پاس ون ڈے میچز میں بغیر کوئی سینچری بنائے سب سےزیادہ رنز اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی ہے۔

مصباح نے اب تک 78 ون ڈے میچز میں پاکستان کی قیادت کی ہے جس میں سے 41 میں قومی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔

انہوں نے گرین شرٹس کی طرف سے کل 39 ٹی20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے آٹھ میں انہوں نے کپتانی کی تھی۔ وہ مئی 2012ء میں ٹی20 کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے۔

مصباح سے قبل ان کے پیش رو اور ٹی20 ٹیم کے موجودہ کپتان شاہد آفریدی بھی فروری میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔

آفریدی ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی تمام توجہ ٹی20 کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG