رسائی کے لنکس

مصباح الحق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر


مصباح الحق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر
مصباح الحق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ہونے والی جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلیے مصباح الحق کو پاکستانی ٹیم کا کپتان نامزد کیا ہے۔

جمعہ کے روز پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق شاہد آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اورون ڈے سیریز کیلیے پاکستانی ٹیم کی کپتانی پر برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی ، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 26 اکتوبر سے 24 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔

تاہم ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کیلیے مصباح الحق کی نامزدگی کو کرکٹ کے حلقوں میں حیرت سے دیکھا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق کو گزشتہ روز چھ ماہ کے وقفے کے بعد پہلی بار جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

36 سالہ مصباح الحق نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ رواں سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران سڈنی میں کھیلا تھا جبکہ وہ ویسٹ انڈیز میں رواں سال اپریل-مئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے کسی بھی میچ کیلیے پاکستان ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔

پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر نامزدگی کو سابقہ کپتان سلمان بٹ کی نااہلی کے تناظر میں "عارضی انتطام" قرار دیا جارہا ہے۔

آئی سی سی نے گزشتہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے تحت سلمان بٹ پر واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک دو ساتھی کھلاڑیوں، محمد عامر اور محمد آصف، سمیت عارضی پابندی عائد کردی تھی۔ سلمان بٹ نے اپنی معطلی کے خلاف آئی سی سی میں اپیل دائر کررکھی ہے۔

جمعہ کے روز پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی اعلان کیا گیاہے۔ انگلینڈ کے خلاف اگست 2006 میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے اوپنر توفیق عمر کی ٹیم میں لگ بھگ چار سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ جبکہ رواں سال کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے والے فاسٹ بالر محمد سمیع کو بھی ٹیم میں دوبارہ شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں عمران فرحت، توفیق عمر، عمر اکمل، اظہر علی، محمد یوسف، اسد شفیق، مصباح الحق، ذولقرنین حیدر، دنیش کنیریا، سعید اجمل، عبدل الرحمٰن، عمر گل، تنویر احمد، وہاب ریاض، محمد سمیع اور سہیل تنویر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG