رسائی کے لنکس

لاپتا چینی صحافی کی اہلیہ کی پولیس اسٹیشن طلبی


لی شن
لی شن

ہی نے وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ ان کے شوہر نے جاتے ہوئے انھیں ایک موبائل فون دیا تھا جس میں ان دو سکیورٹی ایجنٹس کے نمبر محفوظ تھے جن سے وہ احکامات لیے کرتے تھے

حال ہی میں لاپتا ہونے والے چینی صحافی کی اہلیہ کو حکام نے اس وقت پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جب کچھ ہی دیر بعد انھیں ایک بین الاقوامی ٹی وی پر اپنے شوہر کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

ہی فانگمئی نے کہا تھا کہ ان کی اپنے شوہر لی شن سے 11 جنوری کو بات ہوئی تھی اور اس وقت وہ تھائی لینڈ میں ایک ریل گاڑی پر محو سفر تھے۔

نیویارک میں قائم صحافیوں کے حقوق کی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق لی نے گزشتہ نومبر عالمی میڈیا کو بتایا تھا کہ کئی سال تک اسٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے لیے دانشوروں، غیر سرکاری تنظیموں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی سرگرمیوں کی مخبری پر مجبور کیے جانے کے بعد وہ چین سے بھاگ گئے تھے۔

ہی کا کہنا تھا کہ لی تھائی لینڈ میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور انھیں خدشہ ہے کہ لی کو چینی سکیورٹی فورسز نے اغوا کر لیا ہو۔

منگل کو ہی نے وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ ان کے شوہر نے جاتے ہوئے انھیں ایک موبائل فون دیا تھا جس میں ان دو سکیورٹی ایجنٹس کے نمبر محفوظ تھے جن سے وہ احکامات لیا کرتے تھے، لیکن ان کے بقول نہ تو ان نمبروں پر کوئی فون اٹھاتا ہے اور نہ ہی کسی پیغام کا جواب دیتا ہے۔

"شاید انھیں خوف ہو کہ میں ان کے نام اور فون نمبر یا ان کی شناخت سے متعلق کوئی معلومات ظاہر نہ کر دوں۔"

ہی نے وائس آف امریکہ کی میندران سروس کے ٹیلی ویژن پر اپنے شوہر کی گمشدگی پر بات کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ لیکن طے شدہ وقت سے کچھ دیر قبل انھیں مقامی پولیس اسٹیشن نے طلب کر لیا۔

پولیس حکام سے ملاقات کے بعد ہی نے وائس آف امریکہ کو ای میل کے ذریعے اپنے طے شدہ انٹرویو میں شریک نہ ہو سکنے پر معذرت کر لی۔

اس سے قبل انھوں نے بتایا تھا کہ پولیس نے ان کے شوہر کی گمشدگی پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تھائی لینڈ میں چینی سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

XS
SM
MD
LG