رسائی کے لنکس

لاپتا طیارے کے ممکنہ ملبے کی تلاش ملتوی


حکام کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے آسٹریلیا کے ساحل سے 2500 کلومیڑ جنوب مغرب میں طیارے کی تلاش کا کام روک دیا گیا۔

ملائیشیا کے لاپتا ہونے والے طیارے کے ممکنہ ملبے کی تلاش موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔

آسٹریلیا کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی نے جمعرات کو کہا ہے کہ سیٹیلائٹ کے ذریعے لی گئی تصاویر میں جس مقام پر لاپتا طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی کی گئی تھی وہاں موسم کو خرابی کی وجہ سے تلاش کا عمل ملتوی کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ تلاش کے عمل میں شریک تمام طیاروں اور بحری جہازوں کو جنوبی بحرہ ہند کے علاقے سے واپس بلانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

موسم خراب ہونے سے پہلے آسٹریلیا کے ساحل سے 2500 کلومیڑ جنوب مغرب میں گیارہ طیارے اور پانچ بحری جہاز لاپتا طیارے کے ممکنہ ملبے کی تلاش کی کوشش کر رہے تھے۔

موسم کی خرابی کے باعث رواں ہفتے دو بار دور دراز اور الگ تھلگ سمندری علاقے میں طیارے کی تلاش کے کام کو ملتوی کرنا پڑا۔

طیارے اس جگہ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں اتوار کو سیٹیلائٹ کے ذریعے لی گئی تصاویر میں لاپتا طیارے کے 122 مشتبہ ٹکڑوں نشاندہی کی گئی تھی۔

ان میں سے کچھ اشیا چمک دار نظر آتی ہیں اور ان کی لمبائی ایک میڑ سے لے کر 23 میڑ تک ہے۔

ملایشیا کے وزیر دفاع حشام الدین نے بدھ کو کہا کہ ہو سکتا ہے کہ جن اشیا کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا تعلق لاپتا ہونے والے طیارے سے نا ہو لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارے کی تلاش کے لیے ہونے والی تحقیقات میں معاون ہو گی۔

لاپتا طیارے کے ممکنہ ملبے کی نشاندہی جس مقام پر کی گئی ہے وہ جگہ اس مقام سے دور نہیں جس کے بارے میں اس سے پہلے چینی اور آسٹریلوی سیٹیلائٹ سے تصاویر دکھائی گئیں۔

آسٹریلیا کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی جو طیارے کی تلاش میں تعاون کر رہی ہے، نے بدھ کو کہا کہ، اس کے طیاروں نے بھی اس علاقے میں تین چیزوں کی نشاندہی کی ہے جس میں ایک "رسے کی طرح" ہے اور دوسری "نیلے رنگ کی چیز" ہے۔

ملائیشیا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سیٹیلائٹ کی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ یقینی طور پر زمین سے بہت دور سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔

طیارہ جس پر 239 لوگ سوار تھے جو کوالالمپور سے چین کے لیے روانہ ہونے کے بعد بغیر کسی ہنگامی پیغام نشر کرنے کے لاپتا ہو گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG