رسائی کے لنکس

بھارتی وزیرِاعظم مودی کا نواز شریف کو ٹیلی فون


فائل
فائل

اسلام آباد میں ایوانِ وزیرِاعظم کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پانچ منٹ تک جاری رہی۔

بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے ماہِ رمضان کی آمد کی مبارک باد دی ہے۔

اسلام آباد میں ایوانِ وزیرِاعظم کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو پانچ منٹ تک جاری رہی۔

بھارتی وزیرِاعظم نے 'ٹوئٹر' پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیرِاعظم نواز شریف کو ماہِ مقدس کے آغاز کے موقع پر بھارت کی تحویل میں موجود پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔

بھارتی وزیرِاعظم کے مطابق ان کی حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں رہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیر رمضان کا مقدس مہینہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گزار سکیں گے۔

'ٹوئٹر' پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی ہم منصب کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی اور بنگلہ دیش کی وزیرِاعظم حسینہ واجد کو بھی ٹیلی فون کرکے رمضان کی مبارک باد دی ہے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے مختلف رہنماؤں کے تند و تیز بیانات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان یہ پہلا براہِ راست رابطہ ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی حالیہ لہر کا آغاز گزشتہ سال کے اواخر میں نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد ہوا تھا جس پر بھارت نے سخت برہمی ظاہر کی تھی۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کشیدگی کی اس لہر میں شدت آگئی تھی اور دونوں ملکوں کے وفاقی وزرا نے ایک دوسرے پر دہشت گردی کو فروغ دینے اور اس کا جواب دینے کے دھمکی آمیز بیانات جاری کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG