رسائی کے لنکس

بھارت کا اگلا وزیراعظم ’کنوارہ‘ ہوگا؟


وزارت اعظمیٰ کے دونوں امیدوار راہول گاندھی اور نریندر مودی کنوارے ہیں۔ عوام کو اُن کی ذاتی زندگی سے اس قدر دلچسپی ہے کہ انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ ان سوالات کو سرچ کیا جاتا ہے کہ ’نریندر سنگھ مودی کی بیوی۔۔ اور۔۔۔ راہول گاندھی کی گرل فرینڈ کون ہے؟‘

کراچی ... بھارت میں کم عمری میں شادی کا شوق جنون کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن، اسی معاشرے سے تعلق رکھنے والی دو شخصیات ایسی بھی ہیں جو وزیراعظم کے عہدے کے لئے ایک دوسرے سے انتخابی جنگ لڑ رہی ہیں۔ لیکن، انہوں نے آج تک شادی نہیں کی۔

جی ہاں۔۔ہمارا اشارہ وزارت اعظمیٰ کے امیدواروں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی)کے نریندر سنگھ مودی اور کانگریسی رکن راہول گاندھی کی طرف ہے۔ سفید داڑھی والے 63سالہ مودی کے بارے میں سوانح حیات لکھنے والے، نیلانجن مکھو چٹو پدھیائے کا کہنا ہے، ’مودی دوسروں کی نظروں میں راہب بن کر رہنا چاہتے ہیں۔‘

مودی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کانگریس کے 43سالہ رہنما راہول گاندھی جو اندرا گاندھی اورنہرو خاندان کے وارث ہیں، وہ کنواروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اور شادی کی اب بھی کوئی خواہش نہیں رکھتے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے، اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق، مودی شاہین صفت، اعتدال پسند اور سب سے بڑھ کر سبزی خور ہیں۔

’شادی نہ کرنے کے سوال پر ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تنہائی کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت کو بدعنوانی سے پاک رکھنے کے لئے کنوارا ہونا ہی اچھا ہے، نہ فیملی ہوگی، نہ کرپشن کرنے کا دل چاہے گا۔‘

راہول گاندھی نے پچھلے سال اعلان کیا تھا کہ وہ شادی نہیں کرنا چاہتے۔ کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر شادی کرلی تو ایک مقام پر ہی ٹھہر جائیں گے اور بچے ہوئے تو پہلے انہیں بڑا کرنے اور بعد میں انہیں سیاسی مقام دلانے میں ہی لگے رہیں گے۔‘

راہول اور مودی دونوں کی زندگی عوام کے لئے ایک ’راز‘ رہی ہے، حالانکہ بیشتر افراد اس میں جھانکنے کی ہر ’ممکن‘ کوشش کرتے رہے ہیں۔ ایک دلچسپ ’گوگل ٹرینڈ رپورٹ‘ کے مطابق انٹرنیٹ پر جو سوالات سب سے زیادہ سرچ کئے جاتے ہیں وہ یہ ہیں کہ ’نریندر سنگھ مودی کی بیوی۔۔ اور۔۔۔ راہول گاندھی کی گرل فرینڈ کون ہے؟‘

اپنی شادی سے متعلق سوال پر راہول گاندھی اکثر یہ بھی جواب دیتے رہے ہیں کہ ’جب کوئی مناسب لڑکی ملے گی تو شادی کرلوں گا‘، حالانکہ لوگ اس جواب پر کبھی مطمئن نہیں ہوئے۔ یہاں تک کہ متعدد غیر ملکی لڑکیوں سے راہول گاندھی کے ’رشتے‘ بھی جوڑے جاتے رہے ہیں۔

اس بحث کا حاصل یہی ہے کہ اگر ان دونوں رہنماوٴں میں سے ہی کوئی جیتا تو یہ بات طے ہے کہ اگلا بھارتی وزیراعظم ’کنوارا‘ ہی ہوگا۔
XS
SM
MD
LG