رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان: دھماکے سے اسکول جزوی طور پر متاثر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دو روز قبل ہی اس علاقے میں شدت پسندوں نے ایک چوکی پر حملہ کر کے مقامی قبائلی پولیس "خاصہ دار فورس" کے سات اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں مشتبہ شدت پسندوں نے ایک اسکول کو دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچایا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ خیسور نامی گاؤں میں یہ اسکول پاکستانی فوج کی طرف سے تعمیر کیا گیا تھا جسے شدت پسندوں نے بارودی مواد میں دھماکا کر کے نقصان پہنچایا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

طالبان کے ایک مقامی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں تعمیراتی کام میں مصروف چند مزدوروں کو بھی زبردستی ساتھ لے جایا گیا تھا لیکن پھر بعد ازاں انھیں رہا کر دیا گیا۔

دریں اثناء قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کم ازکم پانچ مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پنڈیالی تحصیل کے علاقے کڑپہ میں ایک چوکی پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فورسز نے ان حملہ آوروں کو ہلاک کیا اور ان کے قبضے کے اسلحہ بھی برآمد کیا۔

دو روز قبل ہی اس علاقے میں شدت پسندوں نے ایک چوکی پر حملہ کر کے مقامی قبائلی پولیس "خاصہ دار فورس" کے سات اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ اسی روز مہمند ایجنسی کے ایک اور علاقے میں دو دیگر خاصہ داروں کو بھی فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

ان واقعات کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان سے منسلک جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔

ان واقعات کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز نے مشبہ شدت پسندوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کی تھیں لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

مہمند ایجنسی میں اس سے قبل بھی شدت پسند مہلک حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں جن کے خلاف سکیورٹی فورسز کارروائیاں بھی کرتی رہی ہیں۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جون 2014ء سے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان اور پھر خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کی تھیں جن میں اب تک 3400 ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے سیکڑوں ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا بتایا گیا ہے۔

حکام کے بقول شدت پسندوں کی ایک قابل ذکر تعداد فوجی آپریشن کی وجہ سے دیگر علاقوں یا پھر سرحد پار افغانستان فرار ہو گئی ہے اور شدت پسندوں کی طرف سے اکا دکا ہونے والی پرتشدد کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کا ردعمل ہے۔

تاہم ملک کی سیاسی و عسکری قیادت اس عزم کا اظہار کرتی آ رہی ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG