رسائی کے لنکس

الطاف خانانی کو 68 ماہ قید ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا


امریکی جیل (فائل فوٹو)
امریکی جیل (فائل فوٹو)

گزشتہ سال انھوں نے اپنا جرم تسلیم کرتے ہوئے تفتیش میں تعاون کرنے کا معاہدہ کیا تھا جس کے عوض ان پر عائد دیگر 13 الزامات کو خارج کرنے اور سزا میں نرمی کا کہا گیا تھا۔

امریکہ کی ایک عدالت نے رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے جرم میں اپنے ہاں قید پاکستانی شہری الطاف خانانی کو 68 ماہ قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

پاکستان کے موقر انگریزی روزنامہ "ڈان" کے مطابق میامی کی جیل میں ایک سال سے زائد عرصے سے قید خانانی کو فلوریڈا کی عدالت نے 29 مارچ کو یہ سزا سنائی۔

گزشتہ سال انھوں نے اپنا جرم تسلیم کرتے ہوئے تفتیش میں تعاون کرنے کا معاہدہ کیا تھا جس کے عوض ان پر عائد دیگر 13 الزامات کو خارج کرنے اور سزا میں نرمی کا کہا گیا تھا۔

الطاف خانانی کو نومبر 2015ء میں امریکہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر دہشت گرد تنظیموں، جرائم پیشہ اور منشیات کے اسمگلروں کے لیے غیرقانونی طور پر بینکوں اور مالیاتی اداروں سے رقوم منتقل کرنے کا الزام تھا۔

امریکی محکمہ خزانہ نے ان کی گرفتاری کے بعد جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا تھا کہ الطاف خانانی رقوم کی منتقلی اور تبدیلی کے کاروبار اور اپنے تعلقات کو استعمال میں لاتے ہوئے پاکستان، دبئی امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کی منتقلی کرتے رہے۔

مزید برآں ان کے صارفین میں مبینہ طور پر چین، کولمبیا، میکسیکو کے منظم جرائم پیشہ گروہ، لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ سے منسلک افراد اور افغان طالبان شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG