رسائی کے لنکس

یمن میں پھنسے مزید 134 پاکستانی وطن پہنچ گئے


قومی فضائی کمپنی کا خصوصی طیارہ اتوار کی صبح کراچی سے یمن روانہ ہوا تھا۔
قومی فضائی کمپنی کا خصوصی طیارہ اتوار کی صبح کراچی سے یمن روانہ ہوا تھا۔

قومی ایئر لائنز کا خصوصی طیارہ یمن کے دارالحکومت صنعا سے 134 پاکستانیوں کو لے کر اتوار کی شب اسلام آباد پہنچا۔

یمن میں پھنسے مزید 134 پاکستانی 'پی آئی اے' کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' کے مطابق قومی ایئر لائنز کا خصوصی طیارہ یمن کے دارالحکومت صنعا سے 134 پاکستانیوں کو لے کر اتوار کی شب اسلام آباد پہنچا۔

پرواز 'پی کے 7006' سے خانہ جنگی کا شکار یمن میں پھنسے ہوئے دو کینیڈین اور دو سوڈانی شہری بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔

قومی فضائی کمپنی کا خصوصی طیارہ اتوار کی صبح کراچی سے یمن روانہ ہوا تھا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی بحریہ کا ایک بحری جہاز بھی تقریباً 34 پاکستانیوں کو لینے اتوار کو یمن کے شہر حدیدہ پہنچ رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ یمن کی سرحد پر پھنسے 12 پاکستانیوں کو بھی پڑوسی ملک اومان منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان افراد کا انخلا مسقط میں پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے جس کے لیے یمنی حکام سے اسلام آباد میں سفارت خانے کے ذریعے رابطہ کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا ہے کہ مسقط میں تعینات سفارتی حکام ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔

ہفتے کو ایک پاکستانی بحری جہاز کے ذریعے 148 افراد کو یمن سے نکالا گیا تھا جن میں 11 بھارتی شہریوں سمیت 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ یہ جہاز منگل کو کراچی پہنچے گا۔

یمن میں شیعہ حوثی باغیوں کی حکومت مخالف مسلح کارروائیاں اور دیگر قبائل کے ساتھ جھڑپین جاری ہیں جب کہ سعودی عرب نے ان باغیوں کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

لڑائی شروع ہونے سے قبل تقریباً 3000 پاکستانی یمن کے مختلف علاقوں میں موجود تھے جن کے محفوظ انخلا کے لیے کوششوں کا آغاز گزشتہ ہفتے ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG