رسائی کے لنکس

ماسکو بدستورمضرِصحت دھویں کی لپیٹ میں


ماسکو بدستورمضرِصحت دھویں کی لپیٹ میں
ماسکو بدستورمضرِصحت دھویں کی لپیٹ میں

آگ کے شعلوں نے ہزاروں گھروں اور متعدد دیہاتوں کو خاکستر کر دیا ہے جب کہ حکام نے اب تک 48 افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ ہزارو ں فوجی اور رضاکار تقریباََ دس ہزار آگ بجھانے والے اہلکاروں کی مدد کررہے ہیں۔

روس میں محکمہء صحت کے عہدے داروں نے ماسکو کے رہائشیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو جنگلات میں لگی آگ سے اٹھنے والے خطرناک دھویں سے محفوظ رکھیں جس نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

مضرِ صحت گیسوں پر مشتمل دھویں کا یہ غبار گھروں اور دفتروں کی عمارتوں کے علاوہ زیر زمین ریل کے نظام میں بھی سرایت کرگیا ہے ۔

عہدے داروں نے خبردار کیا ہے کہ اس خطرناک دھویں سے آلودہ فضا میں روزانہ سانس لینے کا مطلب سگریٹ کی کئی ڈبیاں پینے کے مترادف ہے ۔

روس ان دنوں خشک سالی اور ملکی تاریخ کے گرم ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ ماسکو اور اردگرد کے علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا ہے جس سے وسطی جنگلات میں لگی آگ پھیل رہی ہے ۔

آگ کے شعلوں نے ہزاروں گھروں اور متعدد دیہاتوں کو خاکستر کر دیا ہے جب کہ حکام نے اب تک 48 افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ ہزارو ں فوجی اور رضاکار تقریباََ دس ہزار آگ بجھانے والے اہلکاروں کی مدد کررہے ہیں۔

آگ سے ایک درجن سے زائد صوبے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے سات میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ شعلے روس کی جوہری ہتھیار وں کی ایک لیبارٹری کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں اور ان سے ماسکو کے قریب ائرفورس کے ایک فوجی اڈے پر بھی بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں جس میں مقامی میڈیا کے مطابق 200 جہاز تباہ ہو گئے ہیں۔

صدر دمتری مدویدف نے فوجی اڈے پر ہونے والے نقصانات کی پردہ پوشی کرنے کی پاداش میں روس کی بحریہ کے سربراہ اور چھ دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کو برطرف کردیا ہے۔محکمہء موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ کم از کم ایک ہفتے تک ماسکومیں درجہ حرارت کی موجودہ صورت حال برقرار رہے گی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی شروع ہو جائے گی۔

XS
SM
MD
LG