رسائی کے لنکس

گورنر تاثیر کا قتل: مختلف شہروں میں مظاہرے، سوگ کا اعلان


سلمان تاثیر کے جسد خاکی کو لے جایا جا رہا ہے۔
سلمان تاثیر کے جسد خاکی کو لے جایا جا رہا ہے۔

گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا ہے جبکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب کو منگل کی شام اسلام آباد میں ان کے سیکیورٹی اسٹاف میں شامل ایک گارڈ نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔ قاتل نے بعد ازاں پولیس کو بتایا کہ اس نے گورنر پنجاب کو اس لیے قتل کیا کیونکہ وہ ناموسِ رسالت کے قانون کو "کالا قانون" قرار دے کر بقول اس کے توہینِ رسالت کے مرتکب ہوئے تھے۔

سلمان تاثیر کو گولیوں سے ہلاک کرنے والا ایلیٹ فورس کا ملک ممتاز قادری پولیس کی تحویل میں۔
سلمان تاثیر کو گولیوں سے ہلاک کرنے والا ایلیٹ فورس کا ملک ممتاز قادری پولیس کی تحویل میں۔

گورنر پنجاب کے قتل کی اطلاع ملکی میڈیا پہ نشر ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان اور وفاقی وزراء سمیت کئی رہنما وفاقی دارالحکومت میں واقع پولی کلینک پہنچ گئے جہاں سلمان تاثیر کو جائے واقعہ سے منتقل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور پی پی پی کے کارکنان شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔

لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور پنجاب کے کئی دیگر شہروں میں بھی پی پی پی کے کارکنان نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا اور ٹائر جلائے ۔ کئی علاقوں میں مشتعل کارکنان نے توڑ پھوڑ کی کوشش بھی کی جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت مداخلت نے ناکام بنادیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بیشتر علاقوں میں
کاروباری مراکز بند ہوگئے اور پی پی پی کے کارکنان نے کئی مقامات پر احتجاج کیا۔


سوگ کا اعلان

وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل پر 3 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سلمان تاثیر کے قتل پر دو ہفتے کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے تمام تنظیمی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔

پنجاب حکومت نے گورنر کے قتل کے سوگ میں بدھ کے روز صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزارتِ تعلیم کی جانب سے بھی سیکیورٹی کی صورتِ حال کے پیشِ نظر وزارت کے تحت ملک بھر میں قائم تعلیمی اداروں میں کل تعطیل کا اعلان کیا گیاہے۔

نمازِ جنازہ

پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض نے صحافیوں کو بتایا کہ گورنر پنجاب کی میت آج رات لاہور لائی جائے گی جہاں کل دوپہر ایک بجے گورنر ہائوس میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔

ایوانِ وزیرِ اعظم سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق گورنر پنجاب کی تدفین پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ وزیرِاعظم گیلانی نمازِ جنازہ میں شرکت کرینگے جبکہ صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے وزیرِاعلیٰ قائم علی شاہ اور اپنی رکنِ قومی اسمبلی ہمشیرہ فریال تالپور کو جنازے میں شریک ہوکر اپنی نمائندگی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کا قیام

وفاقی وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک نے کراچی میں صحافیوں کو بتایا کہ ڈی آئی جی اسلام آباد بن یامین کی سربراہی میں پولیس، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی وفاقی وزیرِ داخلہ کو تحقیقات کی ازخود نگرنی کرکے رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG