رسائی کے لنکس

شیلا کی جوانی ہٹ ہوگیا، کترینہ اترانے لگیں، سیف، دپیکا کی نئی فلم


شیلا کی جوانی ہٹ ہوگیا، کترینہ اترانے لگیں، سیف، دپیکا کی نئی فلم
شیلا کی جوانی ہٹ ہوگیا، کترینہ اترانے لگیں، سیف، دپیکا کی نئی فلم

فلم 'تیس مار خاں' پچھلے ہفتے ہی ریلیز ہوئی ہے مگر اس کا ایک گانا 'شیلا کی جوانی' پہلے ہی ریلیز ہوچکا تھا اور ریلیز کے ساتھ ہی یہ آئٹم سانگ ہٹ ہوگیا۔ اب کترینہ کی سنیے۔ انہوں نے 'تیس مار خان' کی کامیابی کا ذمہ دار اکشے کمار کو ٹھہرایا نا کسی اور کو بلکہ گانے کی کامیابی کا کریڈیٹ وہ اپنے نام کربیٹھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گانا ہٹ ہوا تو ان کے ڈانس کی وجہ سے اور فلم کامیاب ہوئی تو ان کے گانے کی وجہ سے!! وہ تو اکشے کمار کو بھی اس کی کامیابی کا کریڈیٹ دینے پر آمادہ نہیں۔ اب انہیں کون سمجھائے کہ بی بی گانا ہٹ ہونے کی اصل وجہ کچھ اور ہے۔

فرح خان بھی کترینہ کو ہی فلم کا زیادہ کریڈٹ دے رہی ہیں کیونکہ ان کے بقول کترینہ نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے صرف ایک ساٹن کی بیڈ شیٹ میں اس گانے کا کچھ حصہ پکچرائز کروایا اور یہی اس گانے کے مشہورہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔۔۔ کیونکہ اس سے قبل کترینہ نے اتنا مختصر لباس کبھی نہیں پہنا۔

فلم "تیس مار خاں" میں اکشے کمار اور کترینہ کیف دونوں کا کام لاجواب ہے لیکن نئے سال میں بھی'شیلا کی جوانی'، شاعری اور فرح خان کی ڈائریکشن کی وجہ سے بالی وڈ کے میوزک چارٹس میں پہلی سیڑھی پر نظر آئے گا۔ اس کی ایک وجہ کترینہ کا ڈانس اور لباس ہے جبکہ خود اکشے کا کہنا ہے فرح صرف کترینہ کو ہی اس فلم کا سارا کریڈٹ دے کر اس کے کام کو کم اہمیت دے رہی ہیں۔

سیف علی خان اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ۔۔۔نئی فلم میں

'لو آج کل' کی مشہور جوڑی سیف علی خان اوردپیکا پڈوکون ایک نئی فلم میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ لیکن فلم کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا۔ یہ فلم سیف کی ہوم پروڈکشن ہوگی جس میں سیف کے پارٹنر ڈینس ویجین بھی شریک ہیں۔

'لو آج کل' کے ڈائریکٹر امتیاز علی نے اس فلم کا اسکرپٹ لکھا ہے۔ ان کے مطابق فلم کی کہانی میں تمام لوازمات یعنی ڈرامہ،رومانس، کامیڈی سب موجود ہیں۔ فلم نیو دہلی،اسپین اور لند ن میں فلمائی جائے گی اور اپریل میں نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔

سیف علی خان کا کہنا ہے کے وہ اس فلم کے اسکرپٹ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ وہ اس فلم میں لو اسٹوری کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ دپیکا کے بارے میں سیف نے کہا کہ دپیکا کا کام 'لو آج کل' میں شاندار رہا اور مجھے ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنا اچھا لگے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ وہ اس کردار کو نبھانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

دپیکا کا خیال بھی سیف کے بارے میں یہی ہے کہ سیف کے ساتھ ان کی جوڑی فلم کو یادگار بنادے گا۔ اسکرپٹ بہت زبردست ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلم 'لو آجکل' کی ٹیم یعنی وہ، سیف اور دینش دوبارہ ایک ساتھ کام کرکے نیا شاہکار بنائیں گے۔

XS
SM
MD
LG