رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کا کراچی میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان


فائل
فائل

فیصل سبزواری نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ رینجرز کی تحویل میں موجود ان کے باقی کارکنان بھی جلد رہا کردیے جائیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں دیے جانے والے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے جمعرات کی شب وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے سامنے جاری دھرنے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کی تحویل میں موجود ان کے نصف کارکنوں کو رہا کیا جارہا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ رینجرز نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے 'معمار سیکٹر' پر چھاپہ مار کے 23 کارکنوں کو حراست میں لیا تھا جن میں سے آٹھ کو گزشتہ رات ہی رہا کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حکام سے مذاکرات کے بعد ان کے مزید آٹھ کارکن رہا کیے جارہے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم نے شہر کے مختلف مقامات پر جاری اپنے دھرنے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ رینجرز کی تحویل میں موجود ان کے باقی کارکنان بھی جلد رہا کردیے جائیں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت امن پسند ہے اور مجرموں کی سرکوبی کے لیے کراچی شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی حمایت کرتی ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کی شب رینجرز کی بھاری نفری نے کراچی کے علاقے 'اسکیم 33' میں واقع ایم کیو ایم کے ایک دفتر پر چھاپہ مار کر 23 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

دفتر پر چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور دیگر رہنماؤں نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا اور ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم قائد الطاف حسین نے کارکنوں کی رہائی تک شہر بھر میں دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا۔

جمعرات کو ایم کیو ایم کے کارکنوں نے کراچی کی مختلف شاہراہوں پر دھرنے دیے تھے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG