رسائی کے لنکس

مصطفیٰ کمال کے الزامات ’’پارٹی تقسیم کی ناکام کوشش‘‘: ایم کیو ایم


’’ہم ایسے الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کو توڑنے کی اور اس کے متوازی جماعت بنانے کی پہلے بھی سازشیں ہو چکی ہیں‘‘: رہنما ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت اور ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سابق پارٹی رہنماوٴں مصطفیٰ کمال اور انیس احمد قائم خانی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات، بقول اُن کے، ’’پارٹی کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش ہیں‘‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’ہم ایسے الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کو توڑنے کی اور اس کے متوازی جماعت بنانے کی پہلے بھی سازشیں ہوچکی ہیں‘‘۔

جمعرات کی شام ایم کیو ایم لندن اور پاکستان رابطہ کمیٹی کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی، جس سے ٹیلی فون کے ذریعے ندیم نصرت نے لندن سے براہ راست، جبکہ کراچی میں فاروق ستار نے خطاب کیا۔

ندیم نصرت نے کہا کہ ’’مصطفیٰ کمال اور انیس احمد قائم خانی نے ایسے شخص پر الزامات عائد کئے ہیں جس کی آواز پر بھی پابندی عائد ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارٹی تقسیم کرنے کی سیاست سے ملک کو کبھی فائدہ نہیں ہوگا‘‘۔

بقول اُن کے، ’’عوام الطاف حسین کے ساتھ ہے۔ ہمیں کسی وضاحت کی ضرورت نہیں۔ ہم پہلے سے مضبوط ہیں اور ہر آزمائش کے بعد مزید مضبوط ہوں گے‘‘۔

فاروق ستار نے کہا کہ ’’جھوٹے، بے بنیاد اور شر انگیز الزامات کی مذمت کرتے ہیں۔ ایسے الزامات لگانے والا نہ ایم کیو ایم کا مخلص ہے، نہ مظلوموں کا ہمدرد۔ اس سازش کا مقصد مائنس الطاف حسین فارمولے کو عملی جامہ پہنانا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں کون سا الزام ہے جو پہلے نہ لگایا گیا ہو۔ لیکن، این اے 246 کے ووٹرز نے تمام الزامات کی نفی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’لوگ ایسی سیاست کو قبول نہیں کریں گے‘‘۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’ہم آج بھی اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ ہم نے نہ پہلے مصنوعی قیادت کو قبول کیا، نہ آج کریں گے اور نہ مستقبل میں کبھی کریں گے۔ ماضی میں ایم کیو ایم کے خلاف سازش کامیابی ہوئی، نہ مستقبل میں ہوگی‘‘۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ ’’ضمیر کی آواز والے جہانگیر روڈ کے رہائشی تھے، ڈیفنس میں پریس کانفرنس کیسے کی، ضمیر اگر جاگ گیا تھا تو پارٹی نے جو گھر دیا تھا پہلے وہ واپس کرتے‘‘۔

کانفرنس کے دوران عامر خان نے مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی ایم کیو ایم سے بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

XS
SM
MD
LG