رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کی جانب سے پیر کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان


فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیر کی سہ پہر تین بجے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ سینئر رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ایم کیوایم کے 60 سے زائد کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل ہوچکا ہے

کراچی ۔۔۔۔۔ متحدہ قومی موومنٹ نے مبینہ طور پر اپنے ایک اور کارکن ریاض الحق کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پیر کو احتجاج کا اعلان کیا ہےجبکہ پارٹی نے اپنے تحفظات کے ازالے کے لئے تیسرے فریق کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اتوار کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے احتجاج کا اعلان کیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیر کی سہ پہر تین بجے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ایم کیوایم کے مطالبے پرشروع کیا گیا لیکن آپریشن کے دوران آئین اورقانون کا احترام بھی ضروری ہے ۔ ہمارے تحفظات کے ازالہ کے لئے تیسرا فریق ہونا چاہیے۔

ادھر ایک اور سینئر رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ایم کیوایم کے 60سے زائد کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل ہوچکا ہے لیکن آج تک کسی ایک کے قاتل بھی زیر حراست نہیں لائے جاسکے۔

انہوں نے وائس آف امریکہ سمیت دیگر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ریاض الحق لانڈھی یونین کونسل 81 کے کارکن تھے انہیں 19مئی 2016 کی رات ان کے گھر لانڈھی نمبر چھ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

کنور نوید جمیل کے مطابق ابتدا میں انہیں لاپتہ ظاہر کیا گیا لیکن پھر 30 جون کو سرجانی ٹاؤن سے ان کی لاش ملی ملی جس پر تشدد کے واضح نشانات تھے ۔ان کی عمر 41 سال تھی اور وہ شادی شدہ تھے ۔ وہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ملازم تھے۔

XS
SM
MD
LG