رسائی کے لنکس

محمد علی، زیبا ایشیا کے 25 عظیم ترین اداکاروں کی فہرست میں


امیتابھ بچن ان پانچ بھارتی ستاروں میں سے ایک ہیں جن کے نام اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں
امیتابھ بچن ان پانچ بھارتی ستاروں میں سے ایک ہیں جن کے نام اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں

ایشیا کے 25 آل ٹائم بہترین فلمی اداکاروں کی فہرست میں پاکستان کے دو اور بالی وڈ کی پانچ نامور ستاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ سی این این کی جانب سے تیار کردہ اِس فہرست میں پاکستان سے محمد علی اور زیبا اور بھارت سے فلم ساز اور اداکار گرودت، امیتابھ بچن، پران، نرگس اور ٹریجڈی کوئین مینا کماری جیسے منجھے ہوئے فنکاروں کے نام شامل ہیں۔

ایشیا کے 25 بہترین فلمی اداکاروں کی فہرست میں بھارت کے علاوہ چین، جاپان، کمبوڈیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، کوریا اور ملیشیا کے ملکوں کے فلمی ستارے بھی شامل ہیں پاکستان کے مشہور اداکار محمد علی اور ان کی بیگم زیبا کو بھی ان کے یادگار اور کامیاب فلمی کیریر کی بدولت اِس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد علی کی فلم ’شرارت‘(1964)اور زیبا کی فلم ’ارمان‘ (1966) کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔

لیکن اس فہرست میں جو چیز سب سے زیادہ کھٹکتی ہے وہ اس میں برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کی غیر موجودگی ہے۔ پران اور گرودت اداکاری اور مقبولیت کے لحاظ سے دلیپ کمار سے کہیں پیچھے ہیں۔

بھارت کے مشہور فلم ساز شیام بینیگل نے اِس خبر پر اپنے اردو وی او اے ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ ایشیا میں 25 بہترین فلمی ستاروں کے انتخاب کے لیے جیوری ممبران کون تھے، تاہم بھارت کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہندی فلموں کے پانچ عظیم ستاروں کو اِس فہرست میں جگہ ملی ہے۔ بینیگل نے مزید کہا کہ تمام ستاروں کا تعلق ہندی فلموں سے ہی ہے کیوں کہ شاید بھارت کی علاقائی زبان کے سنیما سے بین الاقوامی فلم جیوری کو واقفیت نہ ہو۔

خیال رہے کہ ایشیا کے 25 بہترین فلمی اداکاروں کی فہرست میں سب سے زیادہ فلمی ستاروں کا انتخاب بھارت سے کیا گیا ہے۔ گرودت کو فلم پیاسا کے لیے، امیتابھ بچن کو زنجیر فلم میں اینگری ینگ مین کے کردار کے لیے، نرگس کو ’مدر انڈیا‘ فلم کے لیے، پران کو ہندی فلموں میں ویلن کے کردار کے لیے اور مینا کماری کو فلمی پردے پر درد اور غم کے احساسات کو زندہ کرنے کے لیے بین الاقوامی فلم جیوری کی پذیرائی حاصل ہوئی۔

بالی وڈ پر کئی کتابیں لکھ چکی مصنفہ اور نامور فلم نقاد دیپا گہلوٹ بھی بینیگل کے علاقائی زبان کے سنیما کو ان دیکھا کیے جانے کے نقطہٴ نظر سے متفق نظر آئیں۔ دیپا نے اردو وی اے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم بھارت کے پانچ بہترین اداکاروں میں دلیپ کمار کا نام شامل نہیں کرتے تو یہ میری نظر میں بہت بڑا جرم ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فہرست میں گرودت جیسے عظیم فلم ساز کا نام بطور بہترین اداکار کے طور پر شامل کیا جانا میرے لیے حیران کن ہے۔

XS
SM
MD
LG