رسائی کے لنکس

فاکس نیوز کے مالک کی نظر اب برطانیہ کے اسکائی ٹی وی چینل پر


نیوز کارپس کے چیرمین، فاکس نیوز اور وال اسٹریٹ جنرل کے مالک روپرٹ مرڈوک اپنی اہلیہ وینڈی ڈینگ کے ساتھ واشنگٹن کی ایک حالیہ تقریب میں۔
نیوز کارپس کے چیرمین، فاکس نیوز اور وال اسٹریٹ جنرل کے مالک روپرٹ مرڈوک اپنی اہلیہ وینڈی ڈینگ کے ساتھ واشنگٹن کی ایک حالیہ تقریب میں۔

یورپی حکام نے مشہور میڈیا ٹائیکون راپرٹ مرڈوک کی کمپنی کی جانب سے برطانیہ کے سب سے بڑے ٹی وی چینل کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔

ڈیل کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے والے یورپی کمیشن کی جانب سے منگل کے روز جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ راپرٹ مرڈوک کی کمپنی "نیوز کارپوریشن" کی جانب سے برطانیہ کے "اسکائی براڈ کاسٹنگ" کی خریداری سے یورپ میں بزنس کے صحت مندانہ مسابقتی رجحان پر منفی اثر پڑنے کا امکان نہیں۔

تاہم یورپی حکام کی جانب سے مذکورہ ٹیک اوور کی منظوری کے باوجود برطانوی حکومت تاحال اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کر پائی ہے ۔ برطانوی حکام کو خدشہ ہے کہ نیوز کارپوریشن کی جانب سے اسکائی براڈ کاسٹنگ کی خریداری کے بعد برطانیہ کے قومی میڈیا پر کمپنی کی اجارہ داری قائم ہوجائے گی۔

دریں اثناء لندن سے شائع ہونے والے معروف روزنامے "ٹیلی گراف" نے برطانوی وزیرِ تجارت ونس کیبل سے منسوب ایک بیان شائع کیا ہے جس میں برطانوی بزنس سیکریٹری کی جانب سے مذکورہ خریداری روکنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ بھیس بدل کر وزیر سے ملاقات کرنے والے اخبار کے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ونس کیبل کا کہنا تھا کہ انہوں نے مسٹر مرڈوخ کے خلاف اعلانِ جنگ کردیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ وہ یہ جنگ جیت جائینگے۔

واضح رہے کہ راپرٹ مرڈوخ کی کمپنی برطانیہ کے چار سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اخبارات کی مالک ہے۔ جبکہ گروپ 1ء12 ارب ڈالرز کے عوض برطانیہ کے سب سے بڑے ٹی وی چینل "اسکائی" کا سودا کرچکا ہے۔

برطانیہ کے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی "آف کام" کی جانب سے مذکورہ ڈیل کا جائزہ لیا جارہا ہے جس کی حتمی رپورٹ 31 دسمبر تک تیار کرلی جائےگی۔

XS
SM
MD
LG