رسائی کے لنکس

سابق صدر کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت


پرویز مشرف ان دنوں لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں
پرویز مشرف ان دنوں لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں

راولپنڈی میں ہفتہ کو انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کے وکلاء کو سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔

عدالت نے گذشتہ ماہ سابق فوجی صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اُنھیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا ۔ پرویز مشرف ان دنوں لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور متعدد بار بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کرتے آئے ہیں۔

استغاثہ نے ہفتہ کو عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری برطانوی حکام کے حوالے کردیے گئے ہیں اور انھیں امید ہے کہ اس ضمن میں جلد ہی کوئی جواب موصول ہوجائے گا۔ مقدمے کی آئندہ سماعت 26مارچ کو ہوگی۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو 27دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد ایک خودکش بم حملے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔ راولپنڈی پولیس کے دو اعلیٰ افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد محترمہ بھٹو کی سکیورٹی میں غفلت برتنے کے الزام میں زیر حراست ہیں۔

27 دسمبر 2007ء کو جب بے نظیر بھٹو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے لیے گئی تھیں تو اُس وقت سعود عزیز راولپنڈی پولیس کے سربراہ تھے جب کہ ایس پی خرم شہزادبھی بے نظیر بھٹوکی حفاظت پر معمور تھے۔

XS
SM
MD
LG