رسائی کے لنکس

بے نظیر قتل کیس: مشرف پر 6 اگست کو فرد جرم عائد کی جائے گی


پرویز مشرف (فائل فوٹو)
پرویز مشرف (فائل فوٹو)

سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کو اُن کے خلاف لگائے گئے الزامات سے باضابطہ طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اُنھیں دستاویزی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

پاکستان میں بینظیر بھٹو کے قتل سے متعلق مقدمے کی سماعت کرنے والی انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر 6 اگست کو فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

پرویزمشرف کو منگل کی صبح راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کے عدالت میں پیش کیا گیا اور اس موقع پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

سرکاری وکلا کے مطابق سماعت کے دوران سابق صدر کو اُن کے خلاف لگائے گئے الزامات سے باضابطہ طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اُنھیں دستاویزی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت کے موقع پر بھی پرویز مشرف کی عدالت کے روبرو پیشی کو یقینی بنایا جائے۔

پاکستانی فوج کے سابق سربراہ ان دنوں اسلام آباد میں اپنے فارم ہاؤس میں زیرِ حراست ہیں۔ اُن کی زندگی کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر انتظامیہ نے اُنھیں کسی جیل میں رکھنے کے بجائے اُن کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ ’’ایف آئی اے‘‘ بینظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس سے منسلک وکلا نے سابق وزیرِاعظم کے خلاف کی گئی قاتلانہ سازش میں پرویز مشرف کے براہ راست ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

بینظیر بھٹو دسمبر 2007ء میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں سیاسی جلسے سے خطاب کے بعد ایک خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

مزید برآں راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پرویز مشرف کے منجمد کیے گئے اثاثہ جات کی بحالی کا بھی حکم دیا ہے۔

اُدھر منگل ہی کے روز بلوچستان ہائی کورٹ نے قوم پرست بلوچ رہنما اکبر بگٹی کے قتل سے متعلق مقدمے میں پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

اکبر بگٹی اگست 2006ء میں ہونے والے ایک فوجی آپریشن میں ہلاک ہو گئے تھے اور ان کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ یہ کارروائی پرویز مشرف کے کہنے پر کی گئی جو اُس وقت فوج کے سربراہ بھی تھے۔

پرویز مشرف اپنے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کا عدالتوں میں دفاع کرنے کے اعلانات کرتے رہے ہیں۔

وہ رواں سال مارچ میں تقریباً چار سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس پہنچے تھے۔

اعلٰی عدلیہ کے ججوں کو گھروں میں نظر بند کرنے کے علاوہ 2007ء میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد آئین کو معطل کرنے کے الزام میں سابق صدر کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق بھی وفاقی حکومت تحقیقات کر رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG