رسائی کے لنکس

کل پاکستان موسیقی کانفرنس


’ہر وہ دل جو امن پسند ہے اور خوشیاں چاہتا ہے، وہ ایسے پروگراموں کو سراہتا ہے؛ کیونکہ، انسانوں کو خوش رکھنے سے رب راضی رہتا ہے‘

پاکستان کا اقتصادی مرکز، کراچی چھ اور سات مارچ کو ملک میں موسیقی کا گہوارہ بنا رہا، جس کی وجہ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں کل پاکستان موسیقی کانفرنس کا انعقاد تھا۔


کانفرنس میں استاد فتح علی کمالوی، استاد شفقت سلامت علی، استاد نصیر الدین سامی، استاد فتح علی خان، محمد علی، اکبر خمیسو خان، طراب علی ھاشمی، عروج سامی، گل محمد، وقاص حسین، پنجاب براس بینڈ، عابد و ساجد حسین علی اور حمیرا چنا نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔


حمیرا چنا نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ دل جو امن پسند ہے اور خوشیاں چاہتا ہے، وہ ایسے پروگراموں کو سراہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کو خوش رکھنے سے رب راضی رہتا ہے، جبکہ خون خرابے سے رب راضی نہیں ہوتا۔ چنانچہ، ایسے پروگرام ہوتے رہنے چاہئیں۔


کل پاکستان موسیقی کانفرنس کی سربراہ عائلہ رضا نے کہا کہ یہ بارہویں موسیقی کانفرنس ہے، جن کے انعقاد کا ایک مقصد تو کراچی میں رہنے والے مختلف کلچر، طبقات اور زبان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو موسیقی کے ذریعے ایک کرنا ہے؛ اور دوسرا سب سے اہم مقصد اپنی موسیقی اور رقص کے ورثے کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ کرنا اور ان کی نگہداشت کرنا ہے۔


عائلہ رضا نے کہا کہ ہر معاشرے میں ہر قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔لیکن، معاشرے میں برداشت ہونی چاہئے کہ مختلف قسم کے لوگ ساتھ بیٹھ سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگرام کراچی جیسے شہر سے عدم برداشت، انتہا پسندی اور تشدد کے خاتمے کے لئے لازمی ہیں۔

XS
SM
MD
LG