رسائی کے لنکس

دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمان عید الاضحیٰ منا رہے ہیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عید کا سب سے بڑا اجتماع سعودی عرب میں ہوا جہاں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اسلام کے ایک بنیادی رکن حج کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے۔

امریکہ، یورپ، خلیجی اور عرب دنیا میں جمعرات کو مسلمان عید الاضحیٰ منا رہے ہیں۔

مسلمان اسلامی مہینے ذوالحجہ کی دس تاریخ کو یہ عید مناتے ہیں جس میں جانور ذبح کر کے اللہ کے پیغمبر حضرت ابراہیم کی سنت کی پیروی کی جاتی ہے۔

عید کا سب سے بڑا اجتماع سعودی عرب میں ہوا جہاں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اسلام کے ایک بنیادی رکن حج کی ادائیگی کے لیے جمع ہوئے۔

جمعرات کو امریکہ اور یورپ کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی عید منائی جا رہی ہے۔

پاکستان میں عید جمعہ کو منائی جائے گی لیکن حسب روایت شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے بعض حصوں اور قبائلی علاقوں میں یہ مذہبی تہوار جمعرات کو ہی منایا جا رہا ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے عید کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ "دن ضرورت مندوں کو کھانا کھلانے، پناہ اور صحت سے متعلق خدمات سر انجام دینے کا بھی نام ہے۔

عید الاضحیٰ ایک ایسے وقت منائی جا رہی ہے جب مسلم دنیا کے ایک بڑے حصے میں مختلف تنازعات کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مشرق وسطیٰ اور افریقہ سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں لوگ غربت اور اپنی زندگی کو درپیش خطرات کی وجہ سے حالیہ مہینوں میں یورپ کا رخ کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور اتنی تعداد میں تارکین وطن کی آمد سے یورپی ملکوں کے لیے صورتحال فکر انگیز ہو چلی ہے۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی مسلمانوں نے مذہبی برادریوں کے ساتھ مل کر ملک اور بیرون ملک بھوک اور تنازع کے شکار لوگوں کی ہمیشہ مدد کی ہے۔

ان کے بقول ایک بار پھر ایسی ہی شدید ضرورت کے وقت امریکی مسلمان تنظیمیں تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے بحران کے سلسلے میں متاثرین کو مدد فراہم کرنے میں سب سے آگے ہیں۔

XS
SM
MD
LG