رسائی کے لنکس

برطانیہ میں لیلۃ القدر مذہبی احترام کے ساتھ منائی گئی


مشرقی لندن کی 'غوثیہ مسجد' میں ماہ صیام کی ستائیسویں شب کی عبادات کے سلسلے میں ایک بڑا اجتماع ہوا

دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی اتوار کی شب ماہ صیام کی ہزار راتوں سے افضل رات 'لیلۃ القدر' مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اس سلسلے میں مساجد میں خصوصی اجتماعات ہوئے جہاں دینی علما نے اپنے خطبے میں اس بابرکت شب کی فضلیت اور اہمیت کو قرآن وحدیث کی روشنی میں واضح کیا۔

برطانیہ کے مرکزی شہر لندن کی مساجد میں بھی لیلۃ القدر کی برکتوں کو سمیٹنے کے سلسلے میں خصوصی اجتماعات منعقد کیے گئے تھے۔ مشرقی لندن کی 'غوثیہ مسجد' میں ماہ صیام کی ستائیسویں شب کی عبادات کے سلسلے میں ایک بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں مرد، نوجوان ، بچے اور بزرگ افراد شریک ہوئے، جبکہ خواتین کے لیے مسجد کے بالائی حصے میں انتظام کیا گیا تھا۔
علامہ جنید نے اس موقع پر لیلۃ القدر کی فضیلیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لیلۃ القدر اللہ کی طرف سے ماہ صیام کا ایک خصوصی تحفہ ہے جو روزہ داروں کو نیکی اور درجات بلند کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے حاضرین کو اس با برکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادات کرنے کی تلقین کی، جبکہ انھوں نےاپنے خطبے میں بھائی چارے اور اخوت پر زور دیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ ہمیں برطانیہ میں رہنے والے سبھی لوگوں کے عقائد کا احترام کرنا چاہیے اور اپنے عمل اور کردار سے تمام قومیتوں کے دل جیتنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ محبت ایک ایسی زبان ہے جو تمام مذاہب میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ لہذا، ہمیں اپنے پڑوسیوں کا خیال کرنا چاہیئے اور دیگر کمیونٹیز کی خوشیوں اور ان کے دکھ درد میں ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے، کیونکہ جو کام ایک محبت کی زبان کر سکتی ہے وہ تلوار سے نہیں کیا جا سکتا ہے۔

مسجد غوثیہ میں لیلۃ القدر گذارنے والوں کے لیے سحری کا انتطام بھی موجود تھا جہاں عبادات کا یہ سلسلہ فجر کی نماز تک جاری رہا۔
XS
SM
MD
LG