رسائی کے لنکس

یورپ میں مسلمان امتیازی سلوک کا شکار، رپورٹ


انسانی حقوق کی ایک عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ یورپ میں مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار کے معاملات میں امتیازی سلوک اور تعصب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اپنی ایک تازہ رپورٹ میں 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' کا کہنا ہے کہ حجاب کے باعث یورپ میں مسلم خواتین کو نوکریاں نہیں دی جاتیں جب کہ مسلم طالبات کو اپنے لباس کے باعث تعلیمی اداروں میں کلاسیں لینے سے روکا جاتا ہے۔

عالمی تنظیم سے منسلک تعصب سے متعلق امور کے محقق مارکو پیرولینی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یورپ میں مسلمان مردوں کو داڑھی رکھنے کی پاداش میں ملازمتوں سے برطرف کیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یورپی ممالک کی سیاسی جماعتیں اور حکومتی عہدیدار یورپی معاشرے میں موجود مسلمانوں کے خلاف تعصب کو دور کرنے کے بجائے ووٹوں کےحصول کی خاطر الٹا اسے پروان چڑھاتے ہیں ۔

'چوائس اینڈ پریجوڈس: ڈِسکریمی نیشن اگینسٹ مسلمز ان یورپ' نامی اس رپورٹ میں بیلجیم، فرانس، ہالینڈ، اسپین اور سوئٹزرلینڈ میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو موضوع بنایا گیا ہے۔

'ایمنسٹی' ان ممالک میں مسلمانوں کو مساجد کی تعمیر کی اجازت نہ دینے اور برقع پر پابندی جیسے معاملات پر ماضی میں بھی تحفظات ظاہر کرتی رہی ہے۔ حالیہ رپورٹ میں ان ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کے کئی واقعات شامل کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مصنف نے کہا ہے کہ یورپی کمپنیاں مسلمانوں کے مذہب کو بنیاد بناتے ہوئے انہیں ملازمتیں دینے سے انکار کرتی ہیں جس کے باعث یورپی مسلمانوں میں بےروزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے۔

مارکو پیرولینی کے بقول مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے تعصب کے سلسلے میں یورپی یونین کے انسدادِ تعصب کے قوانین بے اثر نظر آتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران میں اسپین، فرانس، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ سمیت کئی یورپی ممالک میں مسلمان طالبات کے سر ڈھانپنے یا مخصوص روایتی یا مذہبی لباس پہننے پہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں جسے رپورٹ میں اظہارِ رائے اور اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے کی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کئی یورپی ممالک میں مساجد کی تعمیر کی اجازت نہ دینے اور سوئٹزرلینڈ میں مسجد کے مینار تعمیر کرنے پہ عائد پابندی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم نے یورپی ممالک کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے معاشروں میں مسلمانوں کے منفی تاثر اور ان کے خلاف موجود تعصب کو دور کرنے کے لیے مزید اقدامات کریں۔

مزید تفصیلات کے لیے یہ آڈیو سنیئے۔

XS
SM
MD
LG