رسائی کے لنکس

مصطفیٰ کمال کا سیاسی جلسہ، پارٹی کے نام کا بھی اعلان متوقع


میڈیا سے بات چیت میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’’ہم نے صرف 3 مارچ کو پریس کانفرنس کرنے کا تہیہ کیا تھا۔ لیکن، عوام کا مثبت رد عمل تھمنے میں نہیں آرہا کہ بیان سے باہر ہے۔ حد تو یہ ہے کہ ہم آپس میں بات بھی نہیں کر پا رہے ہیں جبکہ فون پر بات کرنے سے بھی گریزاں ہیں‘‘

کراچی کا سیاسی منظر نامہ ان دنوں نت نئی سرگرمیوں سے پُر ہے اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما و ناظم شہر مصطفیٰ کمال نے بدھ کو یہ اعلان کرکے ان سرگرمیوں میں مزید اضافہ کردیا کہ وہ جلد ہی مزار قائد پر اپنا پہلا جلسہ منعقد کریں گے، جبکہ انیس قائم خانی نے اسی جلسے میں اپنی نئی سیاسی جماعت کا نام عوام کے گوش گزار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

گو کہ مصطفیٰ کمال نے جلسے کی حتمی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا صرف باغ جناح مزار قائد اعظم کا نام لیا ہے، لیکن اس اعلان کے ساتھ ہی ڈیفنس میں واقع مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے بنگلے میں سیاسی سرگرمیوں اور شب و روز انگنت لوگوں کی آمد کا تانتا بند جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بدھ کو مزار قائد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’’ہم نے صرف 3 مارچ کو پریس کانفرنس کرنے کا تہیہ کیا تھا۔ لیکن، عوام کا مثبت رد عمل تھمنے میں نہیں آرہا کہ بیان سے باہر ہے۔ حد تو یہ ہے کہ ہم آپس میں بات بھی نہیں کرپارہے ہیں جبکہ فون پر بات کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ”وکلا، طلبا، خواتین، جوان اور بزرگ سب ملنے آرہے ہیں، گھر میں ایک ہلچل سی مچی ہوئی ہے۔‘‘

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ابھی ہم نے سیاسی پارٹی کو کوئی نام نہیں دیا۔ لیکن، پارٹی کا اسٹرکچر دیگر پارٹیوں کی طرح ہی ہوگا جبکہ پاکستان بھر میں اس کے دفاتر بنائے جائیں گے۔

نیا سیاسی منظر نامہ
دوسری جانب، بدھ کو شہر بھر میں ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی صحت سے متعلق افواہوں کا بازار گرم رہا، یہاں تک کہ لندن میں مقیم پارٹی کنوینر ندیم نصرت کو اس سلسلے میں وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔

الطاف حسین سے متعلق افواہیں
ندیم نصرت کے بیان کے مطابق پارٹی رہنما الطاف حسین کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ وہ ان دِنوں نجی اور تنظیمی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ محض افواہیں ہیں اور سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہیں۔

ندیم نصرت نے الزام لگایا کہ افواہوں کا مقصد تحریک کے کارکنوں اور عوام میں مایوسی پیدا کرنا ہے اور ان افواہوں کو وہی عناصر پھیلا رہے ہیں جو ایم کیو ایم کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

متحدہ کی صفائی مہم
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ایک روز قبل اعلان کردہ صفائی مہم کا بھی جمعرات کی صبح 9بجے سے آغاز ہونے والا ہے۔صفائی مہم میں ناصرف سڑکوں اور گلی محلوں کو صاف کرنے، کھلے گٹروں پر ڈھکن لگانے اور کوڑا کچرا اٹھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، بلکہ وال چاکنگ بھی صاف کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ضمنی انتخاب
کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 245و صوبائی نشست پی ایس 115 پر 7اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے اعلان سے بھی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ریٹرننگ آفیسر اور ضلع وسطی کراچی کے الیکشن کمشنر سید ندیم حیدرکے مطابق اب تک 16 سیاسی جماعتوں کے 21 امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔ یہ جماعت ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی کے استعفیٰ سے خالی ہوئی ہے۔ ریحان ہاشمی کو شہری حکومت میں اہم ذمے داری دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG