رسائی کے لنکس

گیارہویں 'مائی کراچی' نمائش کا آغاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت سندھ اور 'کراچی چیمبر آف کامرس' کے تعاون سے ہونے والی اس تجارتی نمائش کا افتتاح جمعے کو وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے کیا۔

پاکستان کے صنعتی مرکز کراچی میں گیارہویں سالانہ 'مائی کراچی' نمائش کا آغاز ہو گیا ہے۔

حکومت سندھ اور 'کراچی چیمبر آف کامرس' کے تعاون سے ہونے والی اس تجارتی نمائش کا افتتاح جمعے کو وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے کیا۔

کراچی کے 'ایکسپو سینٹر' میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ
کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے لیکن ان کی حکومت تاجروں کو مزید سیکورٹی فراہم کریگی۔

'مائی کراچی 2014ء' میں 250 سے زائد کمپنیوں کے اسٹال لگائے گئے ہیں جن میں الیکٹرونک، کاسمیٹکس،کراکری، ملبوسات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اشیا رکھی گئی ہیں۔ ان میں 'میڈ ان پاکستان' اشیا کے علاوہ انڈونیشیا اور بنگلہ دیش سمیت غیر ملکی کمپنیوں کے اسٹالز بھی شامل ہیں۔

انڈونیشین اسٹال کے احاطے میں موجود انڈونیشین کونسل جنرل روسیلز ادینین نے 'وائس آف امریکہ' سے گفتگو میں کہا کہ نمائش میں انڈونیشیا کی شرکت کا یہ مسلسل گیارہواں سال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 20 انڈونیشین کمپنیوں نے حصہ لیا تھا مگر شہر کراچی میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اس بار صرف 14 کمپنیوں نمائش میں آئی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم انڈونیشین تاجروں کو بتاتے ہیں کہ کراچی پاکستانی معیشت کا حب اور ملکی معیشت و سرمایہ کاری کا مرکز ہے یوں پاکستانی مارکیٹ میں انڈونیشین تاجر حصہ لیتے ہیں اور ہماری کمپنیاں تجارت کرتی ہیں ہم پاکستانی تاجروں کوبھی انڈونیشیا میں تجارت کرنے کی دعوت دیتے ہیں"۔

ایک غیر ملکی ٹریول کمپنی کے مارکیٹنگ آفیسر ارسلان شرجیل نے 'وائس آف امریکہ' سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ہمیں 'مائی کراچی' ایگزبیشن سے اچھا رسپونس مل رہا ہے، ہمارے اسٹال پر لوگ آرہے ہیں اورمعلومات لے رہے ہیں۔

غیر ملکی ٹریول کمپنی پچھلے دو سالوں سے مائی کراچی ایکسپو کا حصہ بنتی آرہی ہے، یہ کراچی اور پاکستان کیلئے بہت اچھی نمائش ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پچھلےسال بھی اس ایکسپوسے ہماری کمپنی کو بہت سے کسٹمرز ملے تھے اس سال بھی امید ہے ایسا ہی ہوگا"۔

پاکستانی تاجروں کاکہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی بد امنی کی فضا اگر تھم جائے تو کوئی شک نہیں کہ کراچی دنیا کے بہترین شہروں میں شمار ہو۔

نمائش کے پہلے روز شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ رات گئے تک بڑی تعداد میں شہری مختلف اشیا کی خرید و فروخت میں مصروف نظر آئے۔

اگلے دو روز جاری رہنےوالی اس نمائش سے نہ صرف شہر معیشت کو مزید فروغ حاصل ہوسکے گا بلکہ یہ نمائش غیر ملکی تاجروں کیلئے بھی کراچی کا ایک مثبت پہلو سامنے لانے میں معاون ثابت ہوگی۔
XS
SM
MD
LG