رسائی کے لنکس

عالمی سطح پرفلم مائی نیم ازخان کا زبردست کاروبار


شاہ رخ اور کاجول فلم مائی نیم از خان میں
شاہ رخ اور کاجول فلم مائی نیم از خان میں

بیرونی ممالک جیسے امریکہ، لندن، آسٹریلیا اور خلیجی ملکوں میں شاہ رخ کی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ بچے، بوڑھے یا جوان سبھی پر بالی وڈ کے بادشاہ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

عالمی سطح پر شاہ رخ خان کی نئی فلم مائی نیم ازخان اب تک 85 کروڑ روپے کا کاروبار کرچکی ہے۔ فلم کی ریکارڈ توڑ کامیابی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ بھارتی نژاد غیرملکیوں کے درمیان شاہ رخ کی مقبولیت کو کوئی دوسرا بالی وڈ ستارہ چیلینج نہیں کرسکتا۔ یہی نہیں فلمساز کرن جوہر اور شاہ رخ بہت جلد موسم گرما میں امریکہ کے باشندوں کے لیے بھی فلم کو چھوٹا کرکے ریلیز کرنے کی تیاری میں ہیں۔ خود کنگ خان نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

امریکہ میں ریلیز کی جانے والی فلم مائے نیم از خان اوریجنل فلم سے مختلف ہوگی تاہم فلم کو گانوں کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ بہت سے سنیما بینوں کہتے ہیں کہ فلمساز کرن جوہر نے بھارتی نژاد کے غیرملکیوں کو دھیان میں رکھ کر فلم بنائی ہے۔ ریلیز کے پہلے دن 25 کروڑ روپیے کا کاروبار کرکے فلم مائی نیم از خان نے بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔


امریکہ، لندن، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک میں شاہ رخ کی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ بچے، بوڑھے یا جوان سبھی پر بالی وڈ کے بادشاہ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ بقول مشہور فلم صحافی انوپما چوپڑا ” شاہ رخ پہلے بالی وڈ ہیرو تھے جنھوں نے اپنی فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے فلمی کردار راج کے ذریعے بھارت سے باہر مقیم بھارتیوں کے دلوں میں اپنے لیے ایک خاص جگہ بنالی”۔


سات سمندر پار کے ملکوں میں شاہ رخ کی دیوانگی کی چھوٹی سی مثال میری امریکہ میں رہنے والی چار سالہ بھتیجی اقراء ہے۔ اُسے ہندی بولنے میں دقت ہوتی ہے مگر وہ پرامید ہے کہ جب وہ بھارت آئے گی تو شاہ رخ سے مل کر اسے بیڈ ٹائم سٹوری ضرور سنائے گی اور وہ خوش ہے کہ اپنے ہیرو کی طرح وہ بھی خان ہے۔

امریکی فلم مارکیٹ میں کاروبار کے لحاظ سے وارنر برادرکی فلم ویلین ٹائنز ڈے کے بعد شاہ رخ کی نئی فلم دوسرے نمبر پر رہی جوکہ کسی بھی بالی وڈ فلم کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ فلم مائی نیم از خان میں شاہ رخ نے رضوان خان نامی ایک ایسے مسلمان شخص کا کردار نبھایا ہے جو ایسپرجر سنڈروم کا شکار ہے اور جس کی زندگی امریکہ پر ہوئے 11 ستمبر کےحملوں کے بعد بدل جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اصل زندگی میں گزشتہ سال شاہ رخ کو اپنے خاندانی نام خان کی وجہ سےنیو جرسی کے نیوآرک ایئر پورٹ پر دو گھنٹے تک امریکی حکام کے سوالوں کا جواب دینا پڑا تھا۔ اور آج اُسی منظر کو فلمی پردے پر دیکھنے کے لیے امریکہ اور کینیڈا کے 120 سنیماگھروں میں لوگوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔


سٹار فاکس اسٹوڈیو نے فلم مائی نیم از خان کو دو ہزار پرنٹس کے ساتھ عالمی سطح پر نمائش کے لیے پیش کیا تھا۔ فلم کی ریلیز کے پہلے تین دن میں امریکہ میں آٹھ کروڑ روپیے سے زائد کا کاروبار کرکے مائی نیم از خان کے سپر سٹار شاہ رخ نے ثابت کردیا کہ مغربی ممالک میں بھی اُن کے شیدائیوں کی کمی نہیں ہے۔

بھارت میں کچھ سنیمابینوں کا خیال ہے کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی حمایت میں بیان دے کر مہاراشٹر ہندو پسند سیاسی جماعت شیو سینا کی ناراضگی مول لینا بھی شاہ رخ کی نئی فلم کی پبلسٹی کے لیے منافع بخش ثابت ہوا ہے۔

ریلیز کے دوسرے ہفتے میں جب اِس نامہ نگار نے ممبئی کے مشہور سنیما گھر میٹرو میں یہ پوچھا کہ ہاؤس فل ہے یا نہیں تو ٹکٹ بکنگ کاؤنٹر پر بیٹھے رمیش چندرے نے کہا کہ پہلے ہفتے کے مقابلے دوسرے ہفتے میں فلم کی پکڑ تھوڑی کمزور ہوگئی ہے لیکن سنیچر اور اتوار کے لیے فلم کی پیشگی بکنگ فل ہے۔

بالی وڈ اداکارہ کونکونا سین نے وی او اے اردو ویب سائیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں شاہ رخ کے مداح اصل زندگی میں اُن کی سچ بولنے کی ہمت کو سراہنے کے لئے بھی مائی نیم از خان فلم دیکھ رہے ہیں۔ اسی طرح دیگر ممالک میں امن کا پیغام لے کر آنے والے ذہنی بیماری میں مبتلا رضوان خان کا کردار سبھی کے دلوں کو چھو رہا ہے۔ وجہ جو بھی ہو جیت تو خان کی ہوئی۔

XS
SM
MD
LG