رسائی کے لنکس

’نامعلوم افراد‘ طویل عرصے تک زیر نمائش رہنے والی فلم


فلم ریلیز سے لیکر اب تک مختلف شہروں کے سینما گھروں میں دکھائی جاتی رہی ہے۔2007ء میں ریلیز ہونے والی شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لئے‘ کے بعد ’نامعلوم افراد ‘ وہ پہلی فلم ہے جس نے طویل عرصے تک زیرنمائش رہنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے

پچھلے سال، یعنی 2014 کے اکتوبر میں عیدالاضحی کے موقع پر جب مزاح اور رومنس سے بھرپور پاکستانی فلم ’نامعلوم افراد‘ ریلیز ہوئی تو خود فلم میکرز اور فلم سے وابستہ دوسرے افراد کو اچھے بزنس کی توقع کے باوجود یہ وہم و گمان بھی نہیں تھا کہ فلم نہ صرف بلاک بسٹر ثابت ہوگی، بلکہ نیا ریکارڈ بھی بنا جائے گی۔

فلم ریلیز سے لیکر اب تک مختلف شہروں کے سینما گھروں میں دکھائی جاتی رہی ہے۔2007ء میں ریلیز ہونے والی شعیب منصور کی فلم ’خدا کے لئے‘ کے بعد ’نامعلوم افراد ‘ وہ پہلی فلم ہے جس نے طویل عرصے تک زیرنمائش رہنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ایورریڈی پکچرز کے وائس پریزیڈنٹ زین ولی کے مطابق ’نامعلوم افراد‘ 25 ہفتوں کی نمائش میں 140ملین روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ فلم ’خدا کے لئے‘ اور فلم ’بول‘ کی باکس کامیابی کے بعد ایک طویل وقفہ آگیا تھا جسے ’وار‘ کی کامیابی نے ختم کیا اور پھر ’نامعلوم افراد‘ ریلیز ہوئی جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔ ابتدائی طور پر فلم 78 اسکرینز پر ریلیز کی گئی تھی۔

زین ولی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی کامیابی کے بعد 40پاکستانی فلمیں پائپ لائن میں ہیں۔

ڈیلی ’ایکسپریس ٹری بیون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایٹریم سینما کراچی اور ’سنے ٹورس‘ اسلام آباد کے مالک اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم مانڈوی والا کا کہنا ہے ’پاکستانی فلم باکس آفس پر کامیاب ہوتی ہے تو سینما مالکان کا اعتماد بڑھتا ہے۔ وہ بھارتی فلم کے بجائے پاکستانی فلم سے بھی اچھے باکس آفس کلیکشنز کر سکتے ہیں۔‘

نبیل قریشی کی ڈائریکشن میں بنی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی کاسٹ میں جاوید شیخ، فہد مصطفیٰ، عروا حسین، محسن عباس اور سلمان شاہد نے اہم رول ادا کئے ہیں۔

کراچی کے موجودہ حالات کی عکاسی کرتی ’نامعلوم افراد‘ تین دوستوں کی کہانی ہے جو شہر کی ڈرگ مافیا کے ہتھے چڑھ کر مصیبت میں پھنس جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG