رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے رکنِ قومی اسمبلی نبیل گبول مستعفی


فائل
فائل

نبیل گبول نے کہا ہے کہ وہ صرف ایک صوبے کی سیاست نہیں کرنا چاہتے اور اسی لئے انھوں نے ایم کیو ایم اور قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر 2013ء کے عام انتخابات میں منتخب ہونے والے نبیل گبول قومی اسمبلی میں اپنی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

نبیل گبول نے کہا ہے کہ وہ صرف ایک صوبے کی سیاست نہیں کرنا چاہتے اور اسی لئے انھوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا ہے۔

منگل کو 'وائس آف امریکہ' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی قومی سیاست کرتے رہے ہیں لیکن متحدہ قومی موومنٹ میں رہتے ہوئے وہ قومی سطح کی سیاست نہیں کر پا رہے تھے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نبیل گبول نے اپنے نجی مسائل اور گھریلو مصروفیات کی وجہ سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیاہے۔

بیان کے مطابق نبیل گبول اپنے نجی مسائل کے باعث رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے عوامی مسائل کے حل کے لئے کراچی میں اپنے حلقے کو وقت نہیں دے پا رہے تھے جس کی وجہ سے پارٹی نے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کار مجاہد بریلوی نے نبیل گبول کے استعفےکے بارے میں 'وائس آف امریکہ' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس خبر پر حیرت نہیں ہوئی۔

مجاہد بریلوی کا کہنا تھا کہ نبیل گبول پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں، ایم کیو ایم انھوں نے اب چھوڑ دی ہے اور پاکستان مسلم لیگ- ن سمیت کسی اور جماعت کی کراچی میں کو ئی خاص حیثیت نہیں ہے جو نبیل گبول کا حلقہ انتخاب ہے۔

نبیل گبول 2013ء کے عام انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہوئے تھے اور ایم کیو ایم ہی کے ٹکٹ پر رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ایم کیو ایم نے انھیں کراچی کے علاقے عزیز آباد کے حلقے سے ٹکٹ دیا تھا جہاں پارٹی کا صدر دفتر 'نائن زیرو' بھی واقع ہے۔

XS
SM
MD
LG