رسائی کے لنکس

سمندرپار پاکستانیوں کو نئے شناختی کارڈ کا اجرا تیز


اُن نئے کارڈز میں جنھیں ’سِنی کوپ‘ کہا جارہا ہے، ایک ایسی چِپ ڈالی جارہی ہے جس میں کارڈ ہولڈرز کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلات موجود ہوں گی

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سربراہ طارق ملک نے، جو اِن دِنوں کینیڈا کے دورے پر ہیں، کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ’نہایت کارآمد‘ اسمارٹ نیشنل آڈینٹٹی کارڈ (سِنی کوپ) جاری کرنے کی مہم تیز کردی گئی ہے۔

طارق ملک نے ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے میں اُس یونٹ کا افتتاح کیا جو کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے نئے قسم کے اسمارٹ نیشنل آڈینٹٹی کارڈز کو پروسیس کرنے کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کردے گا۔

اُن نئے کارڈز میں جنھیں ’سِنی کوپ‘ کہا جارہا ہے، ایک ایسی چِپ ڈالی جارہی ہے جس میں کارڈ ہولڈرز کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلات موجود ہوں گی۔

دوہری شہریت رکھنے والے اُن پاکستانیوں کو، جو پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ سفر نہیں کر رہے ہیں، اُنھیں ویزا درکار نہیں ہوگا۔ مثلاً یہ کہ اگر کوئی پاکستانی سنی کوپ کے ساتھ کینیڈین پاسپورٹ پر سفر کررہا ہے تو اُسے پاکستان جانے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نادرا کے چیرمین نے بعد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ نیشنل کارڈ میں سکیورٹی سے متعلق 36فیچرز موجود ہوں گے۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے آن لائن ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے بھی یہ کارڈ کارآمد ثابت ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں طارق ملک نے کہا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے سمندر پار پاکستانی 11مئی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ لیکن، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق، وہ آئندہ الیکشنز میں یقیناً حصہ لیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ مستقبلِ قریب میں ہونے والے بائی الیکشنز میں ملک سے باہر رہنے والے پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا موقع مل جائے۔

اُنھوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے نادرا نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
XS
SM
MD
LG