رسائی کے لنکس

نجم سیٹھی پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نامزد


وہ ملک کے سنیئر صحافیوں میں شمار ہوتے ہیں؛ ٹی وی اینکر اور ممتاز سیاسی تجزیہ نگار، اور ساتھ ہی سیاسی پیشگوئیوں کا بھی شہرہ رکھتے ہیں

پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی بالآخر پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ نجم سیٹھی کے نام پر متفق ہوگئی ہے۔ اس بات کا اعلان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے منگل کی شام کیا۔

پارلیمانی کمیٹی کے آخری اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) مسلم لیگ (ن) نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے مشاورت کا حصہ رہی اور خوش اسلوبی سے یہ مرحلہ بھی طے ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نجم سیٹھی اپنے فرائض بخوبی انجام دیں گے اور امید ہے کہ شفاف الیکشن کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

نجم سیٹھی کے علاوہ پیپلز پارٹی کی جانب سے جسٹس (ر) زاہد حسین کا بھی نام پیش کیا گیا تھا۔ اس کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ ظہیر احمد اور جسٹس (ر) عامر رضا کے نام تجویز کیے گئے تھے۔

پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی میجر (ر) ذوالفقار گوندل، شوکت بسرا اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری ظہیر نے کی۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثنااللہ، شجاع الرحمن اور اقبال چنار شریک ہوئے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی نامزدگی میں مسلم لیگی رہنما نواز شریف کا بھی بڑا کردار ہے۔

نجم سیٹھی ملک کے سنیئر صحافیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

وہ ایک ٹی وی پروگرام ’آپس کی بات‘ کے اینکر بھی ہیں۔ وہ ممتاز سیاسی تجزیہ نگار بھی ہیں اور اکثر سیاسی پیشگوئیاں کرتے رہے ہیں، جو بہت حد تک درست بھی ثابت ہوئیں۔
XS
SM
MD
LG