رسائی کے لنکس

میوزک بینڈ ’نقش‘ کا پہلا البم ریلیز ہوگیا


’ساجنا‘ اور ’ارمان‘ جیسے خوبصورت گانوں سے دنیا بھر میں اچھی موسیقی پسند کرنے والوں کو مسحور کرنے کے بعد، اب ’نقش‘ نے اپنے شائقین کے لئے پہلا البم ’سپ تک‘ ریلیز کر دیا ہے

’نقش‘ پہلی نظر میں کسی ادبی کتاب یا کسی شعری مجموعے کا عنوان لگتا ہے۔ لیکن، دراصل ’نقش‘ کینیڈا، پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے میوزیشنز کے بینڈ کا نام ہے۔ یہ بینڈ سنہ 2007 سے موسیقی کے افق پر ’نقش‘ ہو جانے والی دھنیں بکھیر رہا ہے۔

’ساجنا‘ اور ’ارمان‘ جیسے خوبصورت گانوں سے دنیا بھر میں اچھی موسیقی پسند کرنے والوں کو مسحور کرنے کے بعد، اب ’نقش‘ نے اپنے شائقین کے لئے پہلا البم ’سپ تک‘ ریلیز کر دیا ہے۔

’سپ تک‘ جس کے معنی ’سات سر‘ ہیں، اس کا ’نقش‘ بینڈ کے فینز بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ البم کے گانے اور میوزک کمپوز کیا ہے لیڈ سنگر دکش کبا نے جبکہ البم کی ریکارڈنگ وینکوور کے رین سٹی ریکارڈزمیں کی گئی ہے۔

البم کے گانے ’پگلی‘ کا ویڈیو بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔’پگلی‘ میں وینکوور میں رہنے والی پروفیشنل ڈانسر اور شامک داور انٹرنیشنل کی انسٹرکٹرصفیہ پیرانی نے پرفارم کیا ہے۔

البم کی ریلیز سے پہلے نقش بینڈ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے فینز کو باخبر رکھا۔ فینز کی جانب سے ملنے والے رسپونس کو نقش نے نہ صرف حوصلہ افزا بلکہ نہایت خوش کن بھی قرار دیا۔

نقش کے لیڈ سنگر دکش کبا نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ البم ’سپ تک‘ کے بارے میں جو بات مجھے سب سے زیادہ پسند ہے وہ یہ ہے کہ اس البم میں ہر ایک کی کہانی ہے۔ چاہے کوئی خاتون ہوں یا مرد، بھائی ہوں یا بہن سب کو ’سپ تک‘ کے گانوں میں اپنی زندگی کی کوئی نہ کوئی جھلک ضرور دکھائی دے گی۔ یہ البم ہمارے بینڈ کے اس مقام تک پہنچنے کی کہانی بھی ہے۔‘

دکش کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہمارا مقصد اپنے میوزک کے ذریعے سننے والوں کو اطمینان کا احساس بخشنا اور انہیں خوشگوار احساس دلانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا میوزک سن کر لوگ کچھ دیر کو ہی سہی اپنی پریشانیاں بھول جائیں اور یہی ہماری کامیابی بھی ہوگی۔‘

XS
SM
MD
LG