رسائی کے لنکس

ناسا کی جانب سے کراچی کو ’روشنیوں کے جھرمٹ‘ کا لقب


کراچی کی جگمگاہٹ اور ستاروں جیسی چکاچوند روشنیوں کو دیکھ کر ہی ناسا نے کراچی کو ’برائٹ کلسٹر آف لائٹس‘ قرار دیا ہے۔ اسے حرف عام میں آپ ’روشنیو ں کا جھرمٹ‘ بھی کہہ سکتے ہیں

’روشنیوں کا شہر‘ ۔۔۔کراچی ۔۔۔اب یہ ’پہچان‘ امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ سے بھی ’چھپی‘ نہیں رہی۔ ناسا کا کہنا ہے کہ کراچی رات کے وقت خلا سے بھی روشن اور جگمگاتا ہوا نظر آتا ہے۔

ناسا نے اس کہاوت کی تصدیق کیلئے 23ستمبر 2015ء کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے رات کے وقت ایک تصویر اتاری جس میں بحیرہ عرب کے کنارے آباد شہر کراچی ۔۔روشنیوں سے جگمگا نظر آ رہا ہے۔

کراچی کی جگمگاہٹ اور ستاروں جیسی چکاچوند روشنیوں کو دیکھ ہی ناسا نے کراچی کو ’برائٹ کلسٹر آف لائٹس‘ قرار دیا۔ اسے حرف عام میں آپ ’روشنیو ں کا جھرمٹ‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔

ناسا کی رپورٹ میں کراچی سے کوہ ہمالیہ کے دامن تک کا فاصلہ ایک ہزار160کلو میٹر یعنی 720میل بتایا گیا ہے۔

تصویر میں جہاں دنیا کے اور بہت سے مقامات ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں، وہیں ان میں دور دور تک پھیلی پاک بھارت سرحد بھی روشنیوں سے جگمگاتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہے۔

اس سرحد کو اوپر دی گئی تصویر میں سیکورٹی لائٹس کے باعث ہی ’اورنج ٹون‘ میں دکھایا گیا ہے۔

جگمگانے کی اصل وجہ۔۔۔ لوڈ شیڈنگ کا نہ ہونا
اس تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے غور کریں تو یہ تصویر عیدالاضحیٰ سے دو روز قبل اتاری گئی تھی ۔کراچی سمیت ملک بھر میں 25ستمبر کو عیدالاضحیٰ منائی گئی تھی۔

عید کی خوشی میں شہر کو تین چار روز کے لئے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ بھی قرار دیا گیا تھا، جس کے سبب مکانات، دکانیں، عمارتوں اور بڑی بڑی مارکیٹوں ۔۔حتی کہ قربانی کے لئے بنائی گئی ایشیا کی سب سے بڑی مگر عارضی منڈی میں بھی غیر معمولی طور پر ساری ساری رات انگنت برقی اور رنگ برنگے قمقمے روشن رہے۔ ۔۔اور اسی وجہ سے خلاء سے بھی کراچی جگمگاتا ہوا نظر آتا رہا۔

XS
SM
MD
LG