رسائی کے لنکس

اپنے آپ کو نذر آتش کرنے والا شخص چل بسا


قریب سے گزرنے والے افراد نے اپنی قمیضیں اتار کر اُس شخص کو ڈھامپنے کی کوشش کی۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اُس شخص نے بچاؤ کی کوشش کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا

امریکی دارالحکومت کی پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص نےمبینہ طور پر جمعے کے روز نیشنل مال پر خود سوزی کی تھی، وہ زخموں کی تاب نہ لا کر فوت ہو گیا ہے۔

واشنگٹن پولیس کے ترجمان، عرض علالی نے بتایا کہ وہ شخص جمعے کی رات ایک مقامی اسپتال میں دم توڑ گیا، جِس سے چند ہی گھنٹے قبل، عینی شاہدین کے مطابق، اُنھوں نے اپنے اوپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا آیا وہ کون تھا یا اِس بات کا اصل محرک کیا تھا۔

یہ واقعہ واشنگٹن کے مرکز میں، ایوان نمائندگان کی عمارت سے چند ہی بلاک دور پیش آیا، جو اُس مقام سے زیادہ دور نہیں جہاں جمعرات کو کار چیز کے ایک واقع کے بعد گولی لگنے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی تھیں۔

دی نیشنل مال ایک وسیع و عریض میدان ہے، جہاں گھاس لگی ہوئی ہے، چہل قدمی کے راستے ہیں اور بینچ لگے ہوئے ہیں، جہاں ایوان نمائندگان کی عمارت سے دو مشہور یادگار ’واشنگٹن مونومینٹ‘ اور ’لنکن میموریل‘ کی طرف راستے جاتے ہیں۔ دی مال جوگنگ کرنے والوں، کتوں کے ساتھ سیر کرنے والوں اور سیاحوں میں یکساں مقبول ہے، جہاں ہر سال لاکھوں سیاح کھچے ہوئے آتے ہیں۔

نکول نامی ایک جاگر خاتون نے جمعے کے روز مال پر ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ قریب سے گزرنے والے افراد نے اپنی قمیضیں اتار کر اُس شخص کو ڈھامپنے کی کوشش کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اُس شخص نے مدد کو دوڑنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ جب وہ اُس مقام پر پہنچے تو وہ شخص بے ہوش پڑا تھا، جنھیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG