رسائی کے لنکس

وسطی ایشیا ء کے راستے نیٹو سازوسامان کی ترسیل


وسطی ایشیا ء کے راستے نیٹو سازوسامان کی ترسیل
وسطی ایشیا ء کے راستے نیٹو سازوسامان کی ترسیل

نیٹو نے افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کے لیے سازوسامان کی وسطی ایشیائی ریاستوں کے راستے ترسیل آزمائشی بنیادوں پر شروع کر دی ہے۔

اب تک اتحادی افواج کے لیے بیشتر سامان رسد پاکستان کے راستے افغانستان بھیجا جاتا رہا ہے لیکن حالیہ مہینوں میں شدت پسندوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر نیٹو متبادل راستوں تک رسائی کے لیے خطے میں مختلف ممالک سے رابطے میں ہے۔

جمعہ کو برسلز میں جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی سامان اور راشن سے لدے 27 کنٹینر مال گاڑی کے ذریعے افغانستان پہنچ گئے ہیں۔

بیان کے مطابق مال گاڑی 14 مئی کو لیٹویا کے علاقے ریگا سے روانہ ہوئی اور روس، قازکستان اور ازبکستان سے گزرتی ہوئی گذشتہ روز افغانستان پہنچی۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید سامان کی ترسیل کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس ہفتے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے سنگ جانی میں نیٹو کے سامان سے لدے ٹرکوں کے ایک بڑے قافلے پر حملے میں 50 ٹرک تباہ کر دیے گئے تھے اور اس واقعے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکی وزارت دفاع کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے راستے افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے جانے والے سامان رسد پر حملے میں ہونیو الا نقصان معمولی نوعیت کے ہیں اور نیٹو افواج کے لیے جانے والی کل امداد کا محض ایک فیصد ہی متاثر ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG