رسائی کے لنکس

ہنزہ میں پانچ سرنگوں کی مدد سے سڑک کی تعمیر


وزیراعظم نواز شریف نے پیر کو 24 کلو میٹر طویل اس سڑک کا افتتاح کیا جس میں دو پل اور پانچ سرنگیں شامل ہیں۔

پاکستان اور چین کو ملانے والی شاہراہ قراقرم پر پانچ سرنگوں کی مدد سے 24 کلومیٹر طویل سڑک کے ایک حصے کا افتتاح پیر کو کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2010ء میں مٹی کا تودہ گرنے سے دریائے ہنزہ کے بہاؤ کا قدرتی راستہ بند ہو گیا تھا اور عطا آباد کے مقام پر ایک جھیل بننا شروع ہو گئی تھی۔

عطا آباد جھیل بننے سے ناصرف متعدد دیہات ڈوب گئے تھے بلکہ پاکستان کو چین سے ملانے والی قراقرم ہائی وے کا ایک حصہ بھی زیر آب آ گیا تھا جس کی دوبارہ تعمیر کی گئی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پیر کو 24 کلو میٹر طویل اس سڑک کا افتتاح کیا جس میں دو پل اور پانچ سرنگیں شامل ہیں۔

مجموعی طور پر سات کلومیٹر طویل ان سرنگوں کو پاکستان چائنہ فرینڈشپ ٹنلز کا نام دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال گلگت بلتستان میں لگ بھگ آٹھ لاکھ سیاح آئے، اُنھوں نے سیاحت کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

گلگت بلتستان کا شمار پاکستان کے خوبصورت ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور یہ علاقہ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز رہا ہے۔

تاہم حالیہ برسوں میں دہشت گردی کی وجہ سے علاقے میں سیاحوں کی آمد کم ہو گئی تھی۔

جون 2013ء میں گلگت بلتستان کے ضلع دیا میر میں نانگا پربت کے علاقے میں غیر ملکی سیاحوں پر ایک مہلک حملہ کیا گیا تھا جس میں 10 غیر ملکی سیاحوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جس کے بعد اس علاقے میں سیاحت کو شدید دھچکا لگا۔

XS
SM
MD
LG