رسائی کے لنکس

چین: مٹی کا تودہ گرنے سے درجنوں افراد لاپتہ


زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے 1,500 سے زائد امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کی جنوبی علاقے میں ایک صنعتی پارک پر مٹی کا بہت بڑا تودہ گرنے کے بعد اب بھی 90 افراد لاپتہ ہیں۔ اس واقعہ میں کارکنوں کے دو رہائشی کمروں سمیت 33 عمارتیں مٹی کے نیچے دب گئ ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ چار افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے جن میں تین معمولی زخمی ہوئے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا کا کہنا ہے کہ مٹی کا تودا گرنے کا واقعہ اتوار کی صبح کو گوانگ ڈانگ صوبے کے شہر شین ژن میں پیش آیا، جس کے بعد قریبی گیس پائپ لائن میں دھماکے شروع ہو گئے۔

زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے 1,500 سے زائد امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ مٹی کا تودہ گرنے سے پہلے تقریباً 900 افراد کو یہاں سے نکال لیا گیا تھا۔

چینی صدر شی جنپنگ اور وزیراعظم لی کیچیانگ نے مرکزی حکام کو امدادی کوششوں میں مدد کے لیے عہدیداروں کو متاثرہ علاقے میں بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

مٹی کا تودہ گرنے کی وجوہات واضح نہیں ہیں تاہم اس علاقے میں حالیہ سالوں میں بڑے پیمانے پر تعمیری کام جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG