رسائی کے لنکس

نبراسکا: ایبولا میں مبتلا زیر علاج ڈاکٹر فوت


اسپتال نے پیر کے دِن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مارٹن سالیا کو مرض کی شدید علامات لاحق تھیں، جن کے باعث اُن کی موت واقع ہوئی

نبراسکا میڈیکل سینٹر کا کہنا ہے کہ ایبولا کے مرض میں مبتلہ سیئرا لیون کے ڈاکٹر، جن کا علاج جاری تھا، چل بسے ہیں۔


اسپتال نے پیر کے دِن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مارٹن سالیا کو مرض کی شدید علامات لاحق تھیں، جن کے باعث اُن کی موت واقع ہوئی۔

اِسی اسپتال میں داخل ہونے والے وہ ایبولا کے تیسرے مریض ہیں، اور امریکہ میں اس مرض میں مبتلہ دوسرے شخص ہیں جن کی موت واقع ہوئی ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت نے جمعے کے روز اطلاع دی تھی کہ ایبولا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں کچھ قدرے اضافہ آیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیماری کے آغاز سے اب تک عالمی طور پر اِس بیماری کے14413 تصدیق شدہ مریضوں میں سے 5177 انتقال کر گئے ہیں۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ سیئرا لیون میں مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں پر صرف گذشتہ ہفتے کے دوران 421 نئے متعدی کیسز درج ہوئے۔

اتوار کے روز، مغربی افریقہ کے سب سے زیادہ متاثرہ ملک، لائبیریا نے قومی ہدف کا اعلان کیا ہے، جس میں کرسمس، 25 دسمبر تک کسی نئے مریض کا اضافہ نہ ہونے کی جستجو کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

صدر ایلن جانسن سرلیف نے اتوار کے روز قوم سے خطاب میں بتایا کہ ہدف کا حصول آسان نہیں ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ لائبیریا کے صحت عامہ کے نظام کو بہتر خطوط پر ترتیب دینے کی ضرورت ہے، تاکہ آئندہ یہ مرض وبا کی صورت نہ اختیار کرے، جب کہ ملک کی معیشت اور حکومت کی عمل داری میں قابل قدر بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔

ایبولا کے باعث مغربی افریقہ کی مجموعی 5،165 فوتگیوں میں سے 2،800 صرف لائبیریا میں واقع ہوئی ہیں۔

اتوار کے روز امریکی صحت سے متعلق اہل کاروں نے بتایا مالی سے آنے والے مسافروں کی بھی اسکریننگ اور معائنہ کیا جائے گا، جس طرح لائبیریا، سیئرا لیون اور گِنی سے آنے والے مسافروں کا معائنہ لازم ہے۔

XS
SM
MD
LG