رسائی کے لنکس

نیپال: مہاتما بودھ کی جنم بھومی کی تزئین و آرائش


نیپال: مہاتما بودھ کی جنم بھومی کی تزئین و آرائش
نیپال: مہاتما بودھ کی جنم بھومی کی تزئین و آرائش

نیپال کے صدر نے ہفتے کے روز ایک مہم شروع کرنے کا اعلان کیا جس کا مقصد لاکھوں زائرین اور سیاحوں کو ملک کے اس علاقے کی سیاحت پر راغب کرنا ہے جہاں بودھ مذہب کے بانی مہاتما گوتم بودھ پیدا ہوئے تھے۔

صدر رام برن یادیو نے کہا ہے کہ نیپال، ملک کے جنوب مغربی حصے کے واقع لومبی نی کے مقام پر بودھ مذہب کے پیروکاروں، امن دوستوں اور سیاحوں کے گرم جوش خیرمقدم کے لیے تیار ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً 2555 سال قبل مہاتما بدھ کا جنم اسی قدیم قصبے میں ہواتھا۔وہ ایک راجا کے بیٹے تھے اور پیدائش کے وقت ان کا نام شہزادہ سدھارتھ رکھا گیاتھا۔

بودھ عقائد کے مطابق بڑا ہونے پر انہوں نے اپنا خاندان اور شاہی محل چھوڑ کر گیان دھیان کے لیے نیپال اور بھارت کے جنگلوں کارخ کیا جہاں انہیں آگہی حاصل ہوئی جسے بودھ عقائد میں روشنی کہاجاتا ہے۔

لومبی نی گارڈن میں اس مہم کی افتتاحی تقریب میں تقریباً تین ہزار افراد شریک ہوئے۔ اس سال یہاں آنے والوں کے لیے نئے درخت، تالاب اور درگاہیں تعمیر کی گئی ہیں ۔

ہر سال دنیا بھر سے بودھ زائرین اپنے اس مقدس مقام کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔

استقبالیہ کمیٹی اس سال دارالحکومت کھٹمنڈو سے تقریباً 150 میل جنوب مغرب میں واقع اس قصبے میں لاکھوں زائرین کی آمد کی توقع کررہی ہے۔

گذشتہ سال تقریباً آٹھ لاکھ سیاحوں نے نیپال کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG