رسائی کے لنکس

نیپال: تودہ گرنے سے 156 ہلاکتیں، مزید لاشوں کی تلاش روک دی گئی


مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اب مزید لاشوں کی تلاش نہیں کی جائے گی اور کارروائی کا محور زندہ بچ جانے والے متاثرین کی امداد ہو گا۔

نیپال میں گزشتہ ہفتے مٹی کا تودہ گرنےسے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 156 ہو گئی ہے لیکن حکام نے بدھ کو دیر گئے مزید لاشوں کی تلاش کا کام ختم کر دیا۔

مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار گوپال پراجولی کا کہنا ہے کہ اب مزید لاشوں کی تلاش نہیں کی جائے گی اور کارروائی کا محور زندہ بچ جانے والے متاثرین کی امداد ہوگا۔

سرکاری فہرست میں 156 افراد کو ہلاک قرار دے دیا گیا ہے لیکن صرف 33 لاشیں ہی نکالی جا سکی ہیں۔

ہفتہ کی صبح دارالحکومت کھٹمنڈو سے 75 میل مشرق میں مانکھا نامی گاؤں میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کا تودہ گرنے سے درجنوں مکانات اس کے نیچے دب گئے تھے۔

مٹی کے تودے سے دریا کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ آگئی تھی جس سے کئی دیہاتوں کے زیر آب آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجی اہلکاروں نے اس رکاوٹ کو ہٹانے اور دریا کا پاٹ چوڑا کرنے کے لیے بارودی مواد سے یہاں کئی دھماکے بھی کیے۔

کھٹمنڈو کو شمالی اضلاع اور چین سے ملانے والی شاہراہ بھی مٹی کے تودے کی وجہ سے بند ہو گئی تھی جسے صاف کرنے کا کام جاری ہے۔

اس تودے کی وجہ سے بہت سے سیاح اور مقامی لوگ بھی پھنس کر رہ گئے تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ 500 سے زائد غیر ملکی سیاحوں اور ان کے مقامی معاونین کو یہاں سے نکالا جا چکا ہے۔

ان لوگوں کی اکثریت تبت کی طرف سے اپنی سیاحت اور کوہ پیمائی کے بعد کھٹمنڈو واپس آرہے تھے کہ مٹی کے تودے کی وجہ سے شاہراہ بند ہونے پر یہاں پھنسے ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG