رسائی کے لنکس

نیپال میں 9 کوہ پیما ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرنے والوں میں جرمنی اور اسپین کے کوہ پیما شامل ہیں، جبکہ چار لاپتا ہوگئے اور پانچ زخمی ہیں۔

شمال مغربی نیپال میں دنیا کی آٹھویں بلند ترین پہاڑی چوٹی کو عبور کرنے والے کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم اوراُن کے خیموں پر اتوار کو برفانی تودہ گرنے سے کم ازکم 9 کوہ پیماہ ہلاک جبکہ چار لاپتا ہوگئے۔

نیپالی پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں جرمنی اور اسپین کے کوہ پیما شامل ہیں جبکہ برف کے نیچے دب جانے والے ان کے پانچ ساتھیوں کو زخمی حالت میں امدادی ٹیمیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے نکال لائی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ایک جرمن کوہ پیما اور اُس کے نیپالی گائیڈ کی لاش آٹھ ہزار ایک سو تریسٹھ میٹربلند ماؤنٹ مناسلو نامی اس چوٹی پر برف کے نیچے سے برآمد ہوئیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف پائلٹوں نے وہاں سات مزید لاشوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

یہ حادثہ صُبح سویرے سات ہزار فٹ کی بلندی پر پیش آیا جس کے باعث زمینی راستے سے امدادی ٹیموں کو وہاں پہنچنا مشکل ہوگیا۔

جائے حادثہ کی طرف بھیجے جانے والے ہیلی کاپٹروں کو بھی گہرے بادلوں اور دھند کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ہر سال سینکڑوں کوہ پیماہ اونچی چوٹیوں کو سر کرنے نیپال کا رُخ کرتے ہیں جہاں دنیا کی چودہ بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ واقع ہیں۔ ان میں دنیا کی بلند ترین ماؤنٹ ایوریسٹ بھی شامل ہے۔

کوہ پیمائی کا موسم ستمبر میں شروع ہو کر نومبر میں بھی جاری رہتا ہے۔

1995 میں ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں شدید برف باری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں 17 غیر ملکیوں سمیت کم ازکم 42 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG