رسائی کے لنکس

نیپال: پارلیمنٹ 13 ویں بار وزیر اعظم منتخب کرنے میں ناکام


نیپال: پارلیمنٹ 13 ویں بار وزیر اعظم منتخب کرنے میں ناکام
نیپال: پارلیمنٹ 13 ویں بار وزیر اعظم منتخب کرنے میں ناکام

نیپال کی پارلیمنٹ میں نیا وزیراعظم منتخب کرنے کی 13 ویں کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے اور گذشتہ تقریباً چار مہینوں سے یہ ہمالیائی ملک کسی فعال حکومت کے بغیر چل رہاہے۔

وزارت اعظمیٰ کے لیے واحد امیدوار نیپالی کانگریس پارٹی کے رام چندرا پوڈل تھے ، جنہوں نے منگل کی ووٹنگ میں 98 ووٹ حاصل کیے جو 601 نشستوں پر مشتمل پارلیمنٹ میں اکثرکے لیے درکار ووٹوں سے انتہائی کم تھے۔

اس تازہ ترین ووٹنگ میں پارلیمنٹ کے زیادہ تر ارکان نے حصہ نہیں لیا۔

ماؤ نواز جماعت یونیفائیڈ کمیونسٹ پارٹی آف نیپال سے تعلق رکھنے والے راہنما پشپا کمال دھل کے اپنا عہدہ چھوڑنےکے بعد انتخاب میں پوڈل کا کوئی مدمقابل سامنے نہیں آیا۔ پشپا کمال اپنے عہدے سے اس وقت الگ ہوئے تھے جب کسی نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ساتویں بار ووٹ ڈالے جارہے تھے۔ وزیر اعظم کے چناؤ کےلیے اگلا الیکشن جمعے کو متوقع ہے۔

ماؤ نوازوں کی جانب سے دباؤ کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے وزیر اعظم مادھو کمار نیپال کے بعد سے ملک میں سیاسی تعطل جاری ہے۔

تب سے اہم سیاسی جماعتیں ، حکومت چلانے کے لیے کسی ایک شخصیت پر متفق ہونے میں ناکام رہی ہیں ، جس کی وجہ سے آئین کے مسودے کی تیاری میں تاخیر ہورہی ہے۔

2006ء کے امن معاہدے کے نتیجے میں ماؤنوازوں کی ایک عشرے پر محیط شورش ختم ہوگئی تھی اور انہیں حکومت میں شامل ہونے کی اجازت مل گئی تھی۔

اب پارلیمنٹ میں ماؤ نوازوں کی اکثریت ہے ، مگر ان کے پاس اتنی نشستیں نہیں ہیں کہ وہ تنہا حکومت بنا سکیں۔

XS
SM
MD
LG