رسائی کے لنکس

نیدر لینڈ: دہشت گردی کے شبے میں12 صومالی گرفتار


Netherlands flag

Netherlands flag

عہدے داروں کا کہناہے کہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور انہیں اگلے تین روز میں ایک جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

نیدر لینڈکے حکام نے کہاہے کہ انہوں نے 12 صومالی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ ملک میں عنقریب دہشت گرد حملے کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے۔

ہفتے کے روز پراسیکیوٹرز نے کہا کہ یہ گرفتاریاں ڈچ انٹیلی جنس کی ایک خفیہ رپورٹ میں عمل میں لائی گئیں ۔ جمعے کے روز روٹرڈیم کے ساحلی شہر سے گرفتار کیے جانے والے ان افراد کی عمریں 19 سے 48 سال کے درمیان ہیں۔ پراسیکیوٹرز کا یہ بھی کہناتھا کہ ان میں سے چھ صومالی روٹر ڈیم میں رہتے ہیں ، پانچ کا کوئی اتاپتا نہیں اور ایک ڈنمارک کاشہری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے تفتیش کے ایک حصے کے طورپر روٹرڈیم کی ایک دکان اور چارگھروں اور جنوبی قصبے Gilze-Rijen کے دوہوٹلوں کے کمروں کی تلاشی لی۔ تاہم ان کا کہناہے کہ کوئی اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور انہیں اس بارے میں فیصلے کے لیے کہ آیا انہیں زیر حراست رکھا جائے یا نہیں ، اگلے تین روز میں ایک جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یورپ میں حالیہ دنوں میں ان خدشات میں اضافہ ہوا تھا کہ چھٹیوں کےاس موسم میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔

پچھلے دنوں سویڈن میں ایک خودکش دھماکہ ہواتھا اور اٹلی کے دارالحکومت میں سوئٹزرلینڈ اور چلی کے سفارت خانوں میں دو پیکٹ دھماکے سے پھٹ گئے تھے ۔

XS
SM
MD
LG