رسائی کے لنکس

رواں برس دو درجن سے زائد فلمیں جو سال 2014 میں ’اسٹار ویلیو‘ یا ’بینر‘ کے لحاظ سے ابھی سے اہم شمار کی جارہی ہیں۔

بالی وُوڈ میں بھی نئے سال کا سورج نئی چمک دمک کے ساتھ طلوع ہو گیا ہے۔ ویسے تو اس سال بہت ساری فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی مگر جس چمک دمک کی ہم بات کر رہے ہیں اس میں وہ 2 درجن سے زائد فلمیں بھی شامل ہیں جو سال 2014 میں ’اسٹارویلیو‘ یا ’بینر‘ کے لحاظ سے ابھی سے اہم شمار کی جارہی ہیں۔ فلمی پنڈتوں کو یقین ہے کہ یہ 28 فلمیں آپ کبھی ’ مس‘ نہیں کرناچاہیں گے۔

نئے سال میں آپ جس بینر کی سب سے زیادہ فلمیں ریلیز ہوتی دیکھیں گے وہ ’یش راج فلمز‘ ہے۔ اس بینر کی فلمیں پسند کرنے والوں کی تو جیسے لاٹری نکل آئی ہے۔ اس سال یش راج فلمز کے بینر تلے تیار ہونے والی چار فلمیں’غنڈے‘، ’مردانگی‘، ’ڈی ٹیکٹیو بائیومیش بخشی‘ اور ’کل دل‘ ریلیز ہوں گی۔

بہترین میوزک، شاندار لوکیشن، غیر ملکی فضاؤں کے نظارے، ایک سے بڑھ کر ایک ہیرو، ہیروئن ڈھیر سارے رومینس میں لپٹی فلمز ’یش راج فلمز‘ کی خاصیت ہے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے کروڑوں لوگ ان فلموں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

نئے سال کے دوران آنے والی فلموں میں جہاں ایک طرف تین جنوری کو جدید ٹیکنالوجی میں ڈھلی سدا بہار ہٹ فلم ’شعلے‘ نئے انداز میں پیش کی جائے گی، وہیں نئے نئے اسٹار بھی اپنی موجودگی سے سلوراسکرین کو ’فریش لک‘ دیں گے۔

جنوری کے مہینے میں جس فلم کو اہم قرار دیا جارہا ہے وہ ایور گرین مادھوری ڈکشت اور نصیر الدین شاہ کی فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ ہے جبکہ دیگر فنکاروں میں شامل ہیں ہما قریشی اور ارشد وارثی۔ ڈائریکٹر ہیں ابھیشیک چوبے۔ فلم 10جنوری کور یلیز ہوگی۔

اسی ماہ ایک اور بڑے نام والی فلم ’جے ہو‘ ریلیز ہونے والی ہے۔ اس میں ہیں سلمان خان، ڈیزی شاہ، ثنا خان، تبو اور سوشیل مینا جبکہ اس کے ڈائریکٹر اورپروڈیوسر سلمان خان کے بھائی سہیل خان ہیں۔ فلم 24جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

چاکلیٹی بوائے، پاکستانی ایکٹر کم سنگر علی ظفر نے بالی وُوڈ میں اسٹار اسٹیٹس حاصل کر لیا ہے۔ ’کامک رول‘ کو شاندار انداز میں نبھانے والے علی ظفر بھی اپنے فینز کو یقیناً مایوس نہیں کریں گے۔ ان کی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ 31جنوری کو ریلیز ہوگی۔

ڈائریکٹر انوراگ کرشیپ کا نام اب کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ وہ اس سال اپنی نئی فلم ’اگلی‘ لے کر آرہے ہیں جس کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں راہول بھٹ، رونت رائے، گریش کلرنی۔ سدھارتھ کپور، ونیت کمار سنگھ اوروپن شرما۔یہ بھی 31جنوری کو ہی ریلیز ہوگی۔

نئے سال میں سلمان خان ایک اور فلم ’اوتیری‘ میں نظر آئیں گے جس کے پروڈیوسر بھی وہ خود ہی ہیں۔ ’اوتیری‘ 7 مارچ کو سنیماگھروں کی زینت بنے گی۔ پروڈیوسر سلمان خان اور اتل اگنی ہوتری کی یہ فلم سات مارچ کو ریلیز ہوگی۔

بالی وُوڈ کی رانی یعنی رانی مکھرجی کافی عرصے سے کوئی ہٹ نہیں دے سکیں لیکن نئے سال میں توقع کی جارہی ہے کہ وہ اپنی آنے والی فلم ’مردانگی‘ میں ’ایک دم کڑک‘ کردار ادا کرکے خوب رنگ جمائیں گی۔ آپ ان کی یہ نئی فلم 18جولائی کو دیکھ سکیں گے۔

بالی وُوڈ کے ہارٹ تھروب ادیتیہ رائے کپور رومانس کریں گے خوبصورت اور چلبلی پرنیتی چوپڑہ کے ساتھ فلم دعوت ِعشق میں جو 9جولائی کور یلیز ہوگی۔ اس کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں ادتیہ رائے کپور، پرینیتی چوپڑا، انوپم کھیر اور کرن واہی۔

اسی سال انوشکا شرما اور رنویر سنگھ کی سپر ہٹ جوڑی ایک بار پھر ساتھ دکھائی دے گی۔فلم کا نام ہے ’پی کے‘

یونانی دیوتاؤں جیسے حسن کے مالک رہیتک روشن اور باربی ڈول کترینہ کیف کے فینز کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ دونوں ایک بار پھر اپنی جاندار پرفارمنس کا جادو جگائیں گے وہ بھی ایک ساتھ فلم ’بینگ بینگ‘ میں۔

کچھ ہٹ کر دیکھنے کے شوقین لوگوں کے لئے ایکتا کپور کی سنی لیون اسٹارر فلم ’راگنی: ایم ایم ایس‘ بھی نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہی سنی لیون ، پروین، ساندھیہ مریڈل۔ فلم کی شہرت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلم ’بالا جی پکچرز‘ کے بینر تلے 21مارچ کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

بالی وُوڈ کا شاہی جوڑا سیف علی خان اور کرینہ کپور کسی سے کم نہیں۔ نئے سال میں’سیفینا‘ بھی باکس آفس پر دھماکے دار اینٹری کے لئے پرعزم ہیں جبکہ کنگ خان بھی اپنے سگنیچر اسٹائل میں باکس آفس پرراج کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس سال ٹیلنٹ ایکٹریس اور اسٹائل آئیکون پریانکا چوپڑہ کی خواہش ہوگی کہ وہ اپنی فلم کے ذریعے بائیو پیک کی کامیابیوں کے سلسلے کو آگے بڑھانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں۔

مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان تو عادی ہیں میگا ہٹ دینے کے۔ سال 2014ء میں ان کی ایک فلم بھی باقی سب پر بھاری پڑ سکتی ہے۔

ایسا نہیں کہ کامیڈی فلمیں پسند کرنے والوں کے لئے نیا سال کچھ نہیں لا رہا۔ کچھ میگا ہٹ کامیڈی فلموں کے سیکوئل بھی ایکسڑا فلیور لئے موجود ہوں گے۔ مثلاً ’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس‘ اور ’ہنسی تو پھنسی‘ وغیرہ۔

کچھ اور فلمیں
رواں سال کے دوران مزید جو نئی اور قابل ذکر فلمیں ریلیز ہوں گی ان میں ’ون بائے ون‘، ’آنکھوں دیکھی‘ ور سونم کپور، ایوش مان کھرانہ اور رشی کپورکی یش راج فلمزکے بینر تلے بننے اور 14مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم ’بے وقوفیاں‘ شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG