رسائی کے لنکس

’دھوم تھری‘ کے بعد ’جے ہو‘ کے چرچے شروع


فلم ’جے ہو‘ ایک عام آدمی کی کہانی ہے جو تنہا ہونے کے باوجود کرپشن اور ناانصافی کے خلاف لڑتا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سلمان اور ڈیزی کے علاوہ تبو اور ڈینی ڈین زوم پابھی شامل ہیں۔

حالیہ دنوں کے دوران بالی ووڈ کے ایک نئے گانے ’تیرے نیناں‘ نے میوزک چارٹس پر نئی اینٹری لی ہے۔ ہوسکتا ہے آپ نے بھی اسے سنا ہو۔

نہیں سنا؟ تو اس کے بارے میں یہ سن لیجئے کہ ’تیرے نیناں‘ سنتے ہی آپ کے ذہن میں سلمان خان کی پچھلی فلموں ’دبنگ‘،’وانٹیڈ‘ اور ’ریڈی‘ کے روایتی رومینٹک گانے اور اس پر سلمان کے ٹریڈ مارک اسٹائل کی ڈانسنگ گردش کرنے لگے گی۔

یہ ’سلو بھائی‘ کی 24جنوری کو ریلیز ہونے والی نئی فلم ’جے ہو‘ کا گانا ہے۔ ’جے ہو‘ اسی گانے کا ٹائٹل ہے جسے گلزار نے فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ کے لئے لکھا تھا اور جس پر گلزار کے ساتھ ساتھ اے آر رحمن کو بھی آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

یہ رومینٹک گانا، رومینٹک اسٹائل میں ہی سلمان اور نئی ہیروئن ڈیزی شاہ پر پکچرائز کیا گیا ہے۔ شیفون کی ساڑھی میں ملبوس، سلمان خان کے ساتھ سائیکل پر بیٹھ کر گھنے، سر سبز باغات سے گزرتے ہوئے دونوں نے جو رومانس کا سماں باندھا ہے وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

گانے کو شان اور شریا گوشال کی آوازوں میں پرویا گیا ہے جبکہ میوزک ڈائریکٹر ہیں سلمان خان کی پسندیدہ جوڑی ساجد واجد۔

انڈین میگزین ’انڈیا ٹوڈے‘ کا کہنا ہے کہ فلم ’جے ہو‘ ایک عام آدمی کی کہانی ہے جو تنہا ہونے کے باوجود کرپشن اور ناانصافی کے خلاف لڑتا ہے۔

یہ بھارت کی ایک علاقائی زبان تیلگو کا ری میک ہے جس کی کاسٹ میں سلمان اور ڈیزی کے علاوہ تبو اور ڈینی ڈین زوم پابھی شامل ہیں۔ فلم کو سہیل خان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

فلمی پنڈتوں نے فلم سے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ ’دھوم تھری‘ کے بعد سب سے زیادہ جس فلم کے چرچے ہوں گے وہ یہی ’جے ہو‘ ہے جس کی سب سے بڑی وجہ سلمان خان ہیں۔ فلم کے بارے میں خود عامر خان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ہوسکتا ہے ’جے ہو‘، ’دھوم تھری‘ کی کامیابی کا بھی ریکارڈ توڑ دے۔
XS
SM
MD
LG