رسائی کے لنکس

فلم سلم ڈاگ ملینیئر کی چائلڈ آرٹسٹ روبینہ علی کے لئے نیا گھر


روبینہ علی
روبینہ علی

ڈینی کی فلم نے ممبئی شہر کی کچی آبادی میں گم نام زندگی گزارنے والے اظہر اور روبینہ کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔


برطانوی نژاد فلمساز ڈینی بوائل نے اپنی آسکریافتہ سپر ہٹ فلم سلم ڈاگ ملینیئر کی چائلڈ آرٹسٹ روبینہ علی کو نئے سال کے موقع پرایک ماہ کے اندر نیا گھر دینے کا اعلان کرکے بے گھر ننھی روبینہ کی زندگی میں خوشیاں بھر دی ہیں۔

بدھ کے روز ممبئی شہر کے مضافاتی علاقے باندرہ کی غریب نگر بستی میں ریلوے کی زمین پر بنے روبینہ کی غیر قانونی جھونپڑی کو بلدیاتی اہلکاروں نےمسمار کر دیا تھا جس کے بعد بدھ کی رات روبینہ کو اپنے والدین کے ساتھ کھلےآسمان کے نیچے گزارنی پڑی۔

پچھلے آٹھ مہینوں میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا کہ روبینہ کے کچے مکان کو زمین دوز کردیا گیا۔ تاہم روبینہ کے غیر قانونی آشیانے کے مسمار ہونے کی خبر کے فوراً بعد جے ہو ٹرسٹ نے اُسے جلد از جلد نیا گھر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے ہو ٹرسٹ نامی غیر سرکاری ادارے کی بنیاد خود ڈینی نے رکھی تھی تاکہ اصل زندگی میں ممبئی کی جھوپڑپٹی میں مقیم اُن کی فلم سلم ڈاگ ملینیئر کے ننھے ستارے اظہرالدین اور روبینہ کو وہ ایک بہتر مستقبل دے سکیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں روبینہ اور اظہر دونوں کے والدین نے میڈیا کو یہ بیان دے کر ڈینی کی ناراضگی مول لی تھی کہ برطانوی فلم ساز وعدے کے مطابق اُن کے بچوں کی مالی مدد نہیں کر رہے۔ ڈینی نے تو یہاں تک کہا تھا کہ اگر بچے تعلیم کے سلسلے میں سنجیدہ نہیں ہوں گے تو ٹرسٹ کسی بھی قسم کی مالی امداد فراہم نہیں کرے گا۔

جے ہو ٹرسٹ کے ترجمان دینیش دوبے نے ذرائع ابلاغ کو اطلاع دی ہے کہ ڈینی بوائل کی اجازت لینے کے بعد روبینہ کی رہائش کے لیے فلیٹ خریدنے کا کام تقریبا پورا ہو چکا ہے۔ محض کچھ کاغذی کام باقی ہے جس کے لیے مزید ایک ماہ کا وقت لگے گا۔ واضح رہے کہ چائلڈ ایکٹر اظہر کو پہلے ہی ڈینی سانتاکروز علاقے میں ایک فلیٹ دے چکے ہیں۔

لاس اینجلیس میں منعقد فلم سلم ڈاگ ملینیئر کی آسکر تقریب میں شامل ہوکر اپنی معصوم مسکراہٹ سے ہالی وڈ کے چوٹی کے ستاروں کا دل جیت لینے والی روبینہ کے خاندان نے فی الحال ایک بار پھر ٹین اور پلاسٹک سے بنے اپنے آشیانے کو کھڑا کرلیا ہے، اِس امید میں کہ بہت جلد اُن کے سر پر پکی چھت ہوگی۔ ڈینی کی فلم نے ممبئی شہر کی کچی آبادی میں گم نام زندگی گزارنے والے اظہر اور روبینہ کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG