رسائی کے لنکس

'مکّی مائوس' کی ٹی وی پر واپسی


'والٹ ڈزنی کمپنی' نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے مکی مائوس کے دو، دو منٹ دورانیے کے 19 نئے کارٹون بنائے ہیں جنہیں اس موسمِ گرما میں نشر کیا جائے گا۔

بچوں کے ٹی وی چینل 'ڈزنی' نے ماضی کے مشہور کارٹون کریکٹر 'مکی مائوس' کے نئے کارٹون پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

'ڈزنی چینل' کی مالک 'والٹ ڈزنی کمپنی' نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے مکی مائوس کے دو، دو منٹ دورانیے کے 19 نئے کارٹون بنائے ہیں جنہیں اس موسمِ گرما میں ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق 'ٹو-ڈی اینی میشن' پر تخلیق کیے گئے ان کارٹونز کو کمپنی کے بانی والٹ ڈزنی اور ان کے ان ساتھی تخلیق کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جنہوں نے 1920ء اور 1930ء کی دہائیوں میں پہلے پہل کارٹون کریکٹر ز تخلیق کیے تھے۔

بیان کے مطابق نئے کارٹونز میں 'مکی مائوس' کو جدید زمانے سے ہم آہنگ دکھایا گیا ہے جن میں 'مکی' نے پیرس کی گلیوں میں موٹر سائیکل بھی چلائی ہے۔

'والٹ ڈزنی' کے مطابق نئے کارٹونز میں مکی مائوس کو نیویارک، بیجنگ، وینس اور کئی دوسرے شہروں میں گھومتے دکھایا گیا ہے جب کہ ان کارٹونز میں مکی کے ساتھ 'ڈزنی' کے دوسرے کارٹون کریکٹرز – بشمول منی مائوس، ڈونلڈ ڈک اور گوفی - بھی ہیں۔

بیان کے مطابق نئے کارٹونز 'ڈزنی چینل'، ڈزنی کی ویب سائٹ اور ڈزنی کی موبائل ایپلی کیشن پر 28 جون سے پیش کیے جائیں گے۔

'مکی مائوس' کو والٹ ڈزنی نے 1928ء میں تخلیق کیا تھا اوراب یہ کریکٹر 85 سال کا ہوگیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود آج بھی بچے ہی نہیں بلکہ وہ بڑے بھی مکی کے دیوانے ہیں جنہون نے اپنا بچپن اس کے کارٹونز دیکھتے یا ان کا انتظار کرتے گزارا تھا۔
XS
SM
MD
LG