رسائی کے لنکس

تین امریکی پولیس اہلکارقتل کے مقدمے میں مجرم ثابت


ریورنڈ آڈرے والس، بائیں، اور ریبیکا گلاور، ہنری گلاور کی آنٹی جمعہ کو نیو آرلینس میں ایک عدالت کے باہر فیصلہ سننے کع بعد۔ ریبیکا گلاور، ہنری گلاور کی آنٹی ہیں۔
ریورنڈ آڈرے والس، بائیں، اور ریبیکا گلاور، ہنری گلاور کی آنٹی جمعہ کو نیو آرلینس میں ایک عدالت کے باہر فیصلہ سننے کع بعد۔ ریبیکا گلاور، ہنری گلاور کی آنٹی ہیں۔

ایک امریکی جیوری نے تین پولیس اہلکاروں پر 2005 میں نیو آرلینز میں آنے والے سمندری طوفان کیٹرینا کے دوران ایک شہری کو ہلاک کرنے کا مجرم قرار دے دیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جمعہ کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ملزم پر ہینری گلوور نامی امریکی شہری کے قتل، دوسرے پر اسکی لاش کو نذرِ آتش کرنے جبکہ تیسرے ملزم پر واقعے کی غلط رپورٹ پیش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ مقدمے کے دیگر دو ملزمان پولیس افسران کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا ہے۔

ملزمان ڈیوڈ وارن، گریگ مک رائے اور ٹریوس مک کیبی پر شہری حقوق کی پامالی اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے سمیت کئی دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

محکمہ انصاف کے مطابق مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق پولیس اہلکاروں نے امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر نیو آرلینز میں 2005 میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان کترینا کے وقت شہر میں ہونے والی لوٹ مار کے دوران ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا اور اس کی لاش کو آگ لگادی تھی۔

محکمہ کے مطابق پولیس افسر وارن ایک شاپنگ مال کی دوسری منزل پر موجود تھا جب اس نے وہاں سے فرار ہونے والے گلوور کو پشت پر گولی ماردی تھی۔ جبکہ مک رائے علاقے میں واقع اس پولیس اسٹیشن پر تعینات تھا جہاں گلوور کا بھائی ایک دوست کے ہمراہ زخمی کو لے کر پہنچے تھے۔

تاہم مک رائے نے زخمی کے ہمراہ آنے والے افراد کو گن پوائنٹ پر لے کر ہتھکڑی لگادی تھی اور زخمی گلوور کو تڑپنے کیلیے گاڑی کے پچھلے حصے میں چھوڑ دیا تھا جہاں بلآخر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

محکمہ انصاف کے مطابق بعد ازاں مک رائے نے لاش کو گاڑی سمیت نذرِ آتش کردیا تھا۔ مقدمے کے تیسرے ملزم پولیس آفیسر مک کیبی کو واقعے کی تحقیقات کیلیے نامزد کیا گیا تھا تاہم اس کی جانب سے حکام کو واقعے کی غلط رپورٹ پیش کی گئی تھی۔

استغاثہ کے مطابق ڈیوڈ وارن کو مقتول گلوور کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ جبکہ مقتول کی لاش نذرِ آتش کرنے کے جرم میں مک رائے کو 50 سال جبکہ واقعہ کی غلط رپورٹ دینے پر مک کیبی کو تیس سال قید کی سزا سنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

استغاثہ کے وکیل جم لیٹن کا کہنا ہے کہ فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

XS
SM
MD
LG