رسائی کے لنکس

نئے سال کی نئی پاکستانی فلم ’جلیبی‘ ریلیز کے لئے تیار


فلم ’جلیبی‘ کے ڈائریکٹر اور مصنف یاسر جسوال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی کا بنیادی خیال کچھ لالچی لوگوں کے گرد گھومتا ہے جو لالچ کے سبب جال میں پھنس جاتے ہیں

کراچی ۔۔۔ ’گڈ مارننگ کراچی‘ اور ’ویلکم ٹو لندن‘ کے بعد اب نئے سال 2015ء کی ایک اور نئی پاکستانی فلم ’جلیبی‘ ریلیز کے لئے تیار ہے۔

فلم کی سب سے اہم بات اس میں نظر آنے والے نئے چہرے ہیں، جبکہ کیمرے کے پیچھے رہ کر کام کرنے والی ٹیم بھی بالکل تازہ دم ہے۔

فلم ’جلیبی‘ کے ڈائریکٹر اور مصنف یاسر جسوال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی کا بنیادی خیال کچھ لالچی لوگوں کے گرد گھومتا ہے جو لالچ کے سبب جال میں پھنس جاتے ہیں۔

فلم کی کہانی کا تانا بانا آٹھ لوگوں کو لیکر بنایا گیا ہے۔ لیکن، اس کے مرکزی کردار دو دوست بلو (دانش تیمور) اور بگا (علی سفینہ) ہیں۔

یاسر جسوال فلم کی کاسٹ کا تعارف کرتے ہوئے کہتے ہیں ’دانش تیمور ایک الگ کردار میں نظر آئیں گے۔ ایسا کردار ادا کرتے ہوئے آپ نے انہیں ٹی وی پر کبھی نہیں دیکھا ہوگا، جبکہ علی سفینہ اور وقار علی خان بھی بہت نمایاں ہیں۔ انہوں نے پوری طرح اپنے کرداروں سے انصاف کیا ہے۔ ژالے سرحدی کا کردار ’سن سٹی‘ میں جیسکا ایلبا جیسا ہے لیکن فلم میں مشرقی اقدار کا خیال رکھا گیا ہے۔‘

ایکسپریس ٹری بیون کی ایک رپورٹ کے مطابق ’جلیبی‘ کو گزشتہ سال ریلیز ہونا تھا۔ لیکن، جسوال کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کے سبب ریلیز میں تاخیر ہوئی۔ اب اسے مارچ میں ریلیز کیا جائے گا۔ تمام تیاریاں مکمل ہیں۔‘

XS
SM
MD
LG