رسائی کے لنکس

نئے وزیراعظم کے انتخاب کا اختیار صدر کو دے دیا گیا


اتحادی راہنماؤں کے اجلاس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور قومی اسمبلی میں نیا قائد ایوان لانے کے حوالے سے صدر مملکت پر فیصلہ چھوڑ دیا گیا۔

حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے نئے وزیراعظم کے چناؤ کا اختیار صدر آصف علی زرداری کو دے دیا ۔ نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے جمعرات یا جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا ۔

اتحادی جماعتوں کا اجلاس منگل کی شب صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہواجس میں سید یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کے بعد نئے وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید ، ایم کیو ایم کے حیدر عباس رضوی اور بابر غوری ، اے این پی کے حاجی عدیل اور افراسیاب خٹک کے علاوہ منیر اورکزئی اور پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی ۔

اتحادی راہنماؤں کے اجلاس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور قومی اسمبلی میں نیا قائد ایوان لانے کے حوالے سے صدر مملکت پر فیصلہ چھوڑ دیا گیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے اس حوالے سے تجویز دی جس کی باقی اتحادی راہنماؤں نے حمایت کی۔

اتحادیوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کوئی سخت ردعمل نہ دینے کا مشورہ دیا اور اس فیصلے کو من و عن تسلیم کرنے کی تجویز دی۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی خاطر فیصلے پر تحفظات کے باوجود اسے قبول کرتے ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیا وزیراعظم بھی پنجاب سے ہی ہو گا اور مخدوم شہاب الدین وزارت عظمی کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ احمد مختیار اور سید خورشید شاہ کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئے وزیراعظم کیلئے جمعرات یا جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا ۔

XS
SM
MD
LG